قنبر میں ڈاکوئوں اور رہزنوں کا راج ہے ، امام الدین بگٹی

136

 

قنبر علی خان (نمائندہ جسارت) مسلح ڈاکو محکمہ پاپولیشن ویلفیئر قنبر کی فیلڈ ٹیکنیکل آفیسر نسیم خاتون رند کے گھرمیں داخل ہوکر اسلحے کے زور پر ان کو یرغمال بناکر لاکھوں روپے نقد، سونے کے طلائی زیورات، اے ٹی ایم کارڈ ، قومی شناختی کارڈ ،موبائل فون اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار ہوگئے۔ خاتون ملازمہ کے ساتھ مسلح ڈکیتی کیخلاف محکمہ پاپولیشن ویلفیئر ضلع قنبر کے ملازمین نے احتجاجاً دفتر ی امور کا بائیکاٹ کرکے آفس سے پریس کلب قنبر تک حتجاجی ریلی نکالی اور دھرنا دیا۔ ملازمین امام الدین بگٹی، محمد نواز میمن، صابر مغیری، جامک چانڈیو، فقیر علی، نواز پنہور سمیت دیگر مرد اور خواتین ملازمین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ پاپولیشن ویلفیئر قنبر کی فیلڈ ٹیکنیکل آفیسر نسیم رند جو اپنے دفتر سے گھر جارہی تھیں کا مسلح ڈاکوؤں نے تعاقب کیا اور اپنے گھر میں داخل ہوتے ہی ان کو بزور اسلحہ یرغمال بناکر لاکھوں روپے نقد اور دیگر سامان لوٹنے کے بعد فرار ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ضلع قنبر کی حالت یہ ہے کہ ہر طرف مسلح ڈاکوؤں اور رہزنوں کا راج قائم ہے۔ ضلعی ہیڈ کوارٹر قنبر جرائم کی آگ میں جل رہا ہے، لوگ تو کیا اب تو خواتین بھی گلیوں، روڈوں اور اپنے گھروں میں ملزمان کی وارداتوں سے ہرگز محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ابتدائی مرحلے میں ڈکیتی کی واردات پر احتجاجی مظاہرہ و دھرنا دیا ہے، پولیس نے واردات میں ملوث ڈاکوؤں کو جلد گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان اور رقم برآمد نہ کی تو لائحہ عمل تشکیل دیا جائے گا، جس کی تمام تر ذمے داری حکومت اور پولیس پر عائد ہوگی۔