یورپ میں کرونا کی صورتحال بگڑنے لگی، فرانس میں کرفیو نافذ

797

روم:اٹلی اور فرانس سمیت یورپ میں کرونا کی دوسری لہر کے باعث صورتحال بگڑنے لگی ہے، اٹلی میں پہلی بار  یومیہ کیسزکی تعداد10 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، جبکہ فرانس میں کیسز کی تعداد 30 ہزار سے زائد ہوگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں  جمعہ کو سامنے آنے والے اعدادو شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کرونا کے 10 ہزار 10 کیسز رپورٹ  جبکہ افراد اس  موذی وائرس کا شکار  ہوکر دنیا سے چلے گئے، ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد ایک لاکھ 7 ہزار 312 تک جا پہنچی،ایک لاکھ افراد کو گھروں میں قرنطینہ کیا گیا ہے۔

فرانس کی صورتحال

فرانس میں جمعرات کو 30 ہزار 621 نئے کرونا کیس سامنے آئے ہیں، جبکہ یومیہ 100 سے زائد اموات ریکارڈ کی جارہی ہیں   فرانسیسی صدر میکرون نے جمعہ سے پیرس سمیت 9 بڑے شہروں میں رات کے کرفیو کا اعلان کیا ہے، جو رات 9 بجے سے صبح 6 بجے تک جاری رہے گا، اور اس دوران کسی کو ایمرجنسی کے علاوہ باہر نکلنے کی  اجازت نہیں دی جائے گی، فرانسیسی وزیرداخلہ نے بتایا کہ کرفیو پر عمل درامد کے لئے 12 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے جارہے ہیں۔

جرمنی کی صورتحال

جرمنی میں جمعرات کو 6 ہزار 638 نئے مریض سامنے آئے، جبکہ 33 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جرمنی میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کرونا سے ہونے والی اموات میں تین گنا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد چانسلر انجیلا مرکل نے نئے احتیاطی اقدامات کے لئے علاقائی سربراہان سے بات چیت کی ہے، یورپ میں بڑھتے ہوئے کرونا کیسز کے بعد یورپی اسٹاک مارکیٹیں بھی دباؤ کا شکار ہیں، اور جمعرات کو انڈیکس میں 2 فیصد کمی دیکھی گئی۔