اسٹیٹ بینک نے بینکوں کیلیے ترغیب اور سزا کا طریقہ کار متعارف کرا دیا

309

کراچی (کامرس رپورٹر) بینک دولت پاکستان نے مارگیج قرض اور ڈویلپرز اور بلڈرز کو مالکاری کی فراہمی کی خاطر بینکوں کے لیے لازمی ہدف مقرر کرنے کے قبل ازیں کیے گئے اقدام کو مزید آگے بڑھاتے ہوئے ان اہداف کو پورا کرنے کی ترغیب دینے کا طریقہ کار متعارف کرایا ہے۔ اس طریقہ کار میں ہدف پورا کرنے میں ناکامی پر بینکوں کے لیے سزائیں بھی شامل ہیں۔طریقہ کار کے مطابق جو 31 دسمبر 2020ء کو شروع ہوگا ، بینکوں کو یہ ترغیب حاصل ہوگی کہ اگر وہ کسی سہ ماہی میں ہاؤسنگ اور عمارات کی تعمیرات کے لیے فنانسنگ کا مقررہ ہدف حاصل کرلیتے ہیں یا اس حد سے تجاوز کرجاتے ہیں تو اگلی سہ ماہی میں اسٹیٹ بینک میں رکھا جانے والا مطلوبہ نقد ِمحفوظ کم کردیا جائے گا۔ اگلی سہ ماہی کے لیے مطلوبہ نقد ِمحفوظ کی رقم میں اتنی کمی کی جائے گی جتنا 30 جون 2020ء سے متعلقہ سہ ماہی کے آخر تک ہاؤسنگ اور تعمیرات کی مالکاری میں اضافہ ہوگا۔ ہاؤسنگ اور تعمیراتی سرگرمیوں میں فنانسنگ بڑھانے کے لیے اسٹیٹ بینک نے بینکوں کے لیے لازمی اہداف کو پورا کرنا ضروری قرار دیا ہے ۔