بلوچ کالونی میں منشیات کا کاروبار بند کرایا جائے، طارق بلوچ

227

ڈگری (نمائندہ جسارت) بلوچ کالونی میں منشیات کا کاروبار بند کرایا جائے، بلوچ کالونی میں سرعام منشیات کے کاروبار دھڑلے سے جاری ہے، پولیس کی چشم پوشی اور مبینہ منتھلی کے باعث ڈگری منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے لیے محفوظ شہر بن گیا۔ ان خیالات کا اظہار ڈگری کے سماجی رہنمائوں طارق بلوچ، عبدالخالق بلوچ اور عبدالرحمن بلوچ نے اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچ کالونی میں اس وقت ہیروئن، چرس، افیم سمیت دیگر منشیات کھلے عام فروخت کی جارہی ہے۔ منشیات کی کھلے عام فروخت سے ڈگری کی نوجوان نسل تباہی اور گمراہی کی طرف گامزن ہورہی ہے جبکہ انتظامیہ آنکھیں بند کرکے اور پولیس نے مبینہ ماہانہ رقم کے عوض خاموش تماشائی کا کردار ادا کرتے ہوئے منشیات فروشوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔ رہنماؤں نے ڈی آئی جی میرپورخاص اور ایس ایس پی سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچ کالونی سمیت ڈگری شہر کو منشیات سے پاک کرکے منشیات فروشوں کیخلاف فی الفور کارروائی کرکے منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو سخت ترین سزا دی جائے اور ڈگری شہر کو منشیات سے پاک کیا جائے۔