بااثر افراد نے دھوکے سے زمین اپنے نام کرالی، خمیسو تالپور

223

بدین (نمائندہ جسارت) بدین کے نواحی شہر ٹنڈو غلام حیدر کے علاقے ورڑ موری کی قریبی دیھ ٹھوڑکی کے گائوں امید علی تالپور کے آبادگار خمیسو تالپور پور نے اپنے دو بھتیجوں کے ہمراہ ماتلی پریس کلب پہنچ کر اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی کی تفصیل صحافیوں کو بتاتے ہوئے کہا کہ بہادر تالپور نے میری آبائی زرعی اراضی 6.11 ایکڑ مقاطعہ (ٹھیکہ) پر لینے کے لیے مجھے ٹنڈو محمد خان لے جاکر ایک اسٹامپ پیپر لکھوا کر میرا انگوٹھا لگوایا اور مجھے کہا کہ اب میں یہ مقاطعہ نہیں لے رہا ہوں تم یہ زمین اب فیصل ورڑ کو لکھ دو۔ وہ مجھے ماتلی لے آئے اور ایک دوسرا اسٹامپ پیپر لکھوا کر میرا انگوٹھا لگوایا، مجھے بعد میں پتا چلا کہ انہوں نے میری سادگی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلسازی اور فراڈ سے میری زرعی اراضی اور مکان اپنے نام لکھوا کر مجھے اس سے محروم کردیا ہے۔ بہادر تالپور نے فراڈ سے 36 لاکھ روپے میری زرعی اراضی اور ایک لاکھ روپے میں میرا مکان اپنے نام لکھوا لیا۔ دوسرے اسٹامپ پیپر میں فیصل ورڑ ولد محمد حسن ورڑ نے میری اسی اراضی کا مقاطعہ 8 لاکھ روپے فی سال کے حساب سے لکھوا لیا پر مجھے ایک روپیہ تک نہیں دیا اور مجھے اپنے مکان اور زرعی اراضی تک سے محروم کردیا۔ فیصل ورڑ اپنے ساتھیوں ہاشم ورڑ، کریم بخش ورڑ اور میر خان حاجانو سمیت دیگر اسلحہ بردار کارندوں کے ساتھ حملے کر کے مجھے بے دخل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان ظالموں نے علاقے کی ایک بڑی سیاسی شخصیت کی آشیر باد سے ہمارے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے تاکہ ہمیں گرفتار کرا کر ہمارے گھر اور اراضی پر قبضہ کر سکیں۔ خمیسو تالپور نے اعلیٰ عدالتوں سمیت آئی جی پولیس سندھ، ڈی آئی جی حیدرآباد اور ایس پی ٹنڈو محمد خان سے انصاف اور تحفظ کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔