یونان: تارکین وطن کا نیا کیمپ موریا سے بھی بدتر

403

ایتھنز (انٹرنیشنل ڈیسک) یورپی یونین کے رکن ممالک مہاجرین سے متعلق ایک نیا معاہدہ طے کرنا چاہتے ہیں جب کہ دوسری جانب لیسبوس میں قائم کیے گئے نئے کیمپ کے حالات کو مہاجرین نے غیر انسانی قرار دیا ہے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق موریا کیمپ میں آتش زدگی کے بعد ہزاروں مہاجر کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہوگئے تھے۔ آگ لگنے کے باعث بے گھر ہونے والے تقریباً 13 ہزار تارکین وطن لیسبوس شہر کی سڑکوں پر مارے مارے پھرتے رہے۔ اس دوران ایک نیا کیمپ آر آئی سی لیسبوس تعمیر کرکے انہیں منتقل کیا گیا ہے تاہم وہاں کے حالات بھی انتہائی بدتر بتائے جا رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق نئے کیمپ کو بحیرہ ایجیئن نے گھیر رکھا ہے۔ یہاں پہنچنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ سمندر بہت نزدیک ہے اور یہ بچوں کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ اُدھر طبی امداد فراہم کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ڈاکٹرز ود آؤٹ بارڈرز کا کہنا ہے کہ نیا کیمپ موریا سے بھی کم درجے کا حامل ہے۔تنظیم سے وابستہ کیرولین ویلمین کے مطابق یہاں کا موسم شدید ہے اور بارش کے دوران سب ڈوب سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کو نئے کیمپ کے مکینوں کی عزت اور ذہنی صحت کی فکر ہے۔ یہ جگہ موریا کیمپ سے بھی بدتر ہو سکتی ہے اور اس حوالے سے تمام امیدیں دم توڑتی جا رہی ہیں۔