مہنگائی سے بیزار عوام کے ہاتھ جلد حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوں گے ،حافظ طاہر مجید

325

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید نے ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ادویات کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ غریب مریضوں کو زندگی سے بھی محروم کیا جا رہا ہے۔کہاں گئے وہ حکومتی دعوے کہ عوام پر خرچ کریں گے۔ نااہل اور نالائق حکومت نے عوام سے جینے کا حق تک چھین لیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت آئے روز آٹے، چینی، گھی، دالیں یہاں تک کہ زندگی بچانے والی ادویات مہنگی کر رہی ہے۔ ثابت ہو گیا کہ یہ مافیاز کی حکومت ہے۔حکومت نے کینسر کے مریضوں کی مفت ادویات تک بند کردی، مفت علاج، ٹیسٹ اور دوائی سے غریب عوام کو محروم کیا جا رہا ہے۔ غریب عوام کی جیب پر روز ڈاکا ڈالا جارہا ہے۔حکومت نے چینی، آٹا، خوراک کے بعد دوائیوں کی قیمتوں میں اضافے کا بم بھی پھینک دیا۔ ادویات اسکینڈل میں اربوں روپے کمانے والے وزیرکے خلاف کوئی
کارروائی نہیں ہوئی۔ عوام کی قوت خرید جواب دے گئی ہے، اب لوگوں کے ہاتھ حکمرانوں کے گریبانوں پر ہوں گے۔حکومت مریضوں پر ظلم بند کرے، ادویات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائے۔