ادویات اور بجلی کے نرخوں میں ظالمانہ اضافہ مسترد کرتے ہیں،علماء مشائخ

255

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)ملک بھر کے علما و مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان نے ادویات اوربجلی کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے اور گرا ںفروشی پر شدید احتجاج کرتے ہوئے 94 ادویات کی قیمتوں میں 262 فیصد اضافے کو مسترد کرکے اضافہ واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی مافیا اور پیٹرول مافیا کے بعدادویات کی قیمتوں میں اضافے سے ادویات مافیا بھی جیت گیا جس سے ثابت ہوگیا کہ تبدیلی سرکار ہر شعبے میں بری طرح ناکام ہو چکی ہے، مہنگائی کے طوفان سے خطرہ ہے کہ ملک میں خانہ جنگی کی صورتحال پیدا نہ ہو جائے ملک بھر کے علما مشائخ ادویات بجلی بجلی کے نرخوں میں ظالمانہ اضافے اور مہنگائی کے سونامی کے خلاف ہر فورم پر احتجاج کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار علما و مشائخ فیڈریشن آف پاکستان کے حیدر آباد پیر جانی شاہ کی رہائش گاہ پر منعقدہ اجلاس میں کیا گیا جس کی صدارت مرکزی چیئرمین سفیر امن پیر صاحبزاداحمد عمران نقشبندی مرشدی سجادہ نشین آستانہ عالیہ بھیج پیر جٹا نے کی جبکہ مہمان خصوصی کے طور پر مرکزی صدر پیر غلام غوث محی الدین جانی شاہ شریک تھے۔ پروفیسر ڈاکٹر جلال الدین نوری ،سیدہ حاجرہ حقانی سجادہ نشیں دربار حقانی، پروفسیر ڈاکٹر مہربان نقشبندی ،پروفیسر ڈاکٹر سعید ، ،سید مسرور ہاشمی، مفتی فیض الہادی ،محمد شاہ بخاری ، دربار حقانی کے خلیفہ مجتبیٰ حسنین ، شجاعت احمد صدیقی ، احمد مہران گورایا ایڈووکیٹ ، پروفیسر سعید ڈاکٹر محمود عالم آسی، سید معین الدین شاہ اور محمد جنید احمد و دیگر نے شرکت کی۔اجلا س میں وطن عزیز میں فتنہ قادیانیت کی بڑھتی ہوئی ناپاک ارتدادی سرگرمیوں اور ریشہ دوانیوں پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت منکرین ختم نبوت اور فتنہ قادیانیت کی بڑھتی ہوئی ارتدادی سرگرمیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی روک تھام کرے جو اس کا دینی ، مذہبی ، قومی اور آئینی فریضہ ہے۔ اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کے اختیارات ختم کرنے کیلیے 18ویں ترمیم کے خاتمے کے حوالے سے کی جانے والی کوششوں پر بھی اظہار تشویش کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت ایسے کسی بھی اقدام سے باز رہے جس سے ملکی استحکام اور سلامتی کو خطرات لاحق ہوں اور جمہوریت ری ڈیل ہونے کا اندیشہ ہو۔اجلاس میںملک بھر میں بڑھتی ہوئی فرقہ واریت، شدت پسندی اورصوبائی عصبیت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہود و نصاریٰ مذہبی منافرت پھیلا کر اتحاد امت کے خاتمے کے در پے ہیںجسے تمام امت اتحادبین المسلمین پر عمل پیرا ہو کر نا کام بنا دیں گے۔طے کیا گیا کہ مذہبی منافرت ، فرقہ واریت، شدت پسندی اورصوبائی عصبیت کے پرچار کو روکنے کیلیے ملک بھر کے علما و مشائخ کی نمائندہ تنظیم علما مشائخ فیڈریشن آف پاکستان ملک بھر میںمحلے کی سطع پر وحدت امت کمیٹیاں قائم کرے گی۔