جمس میں تعینات ڈاکٹروں کو واپس سول اسپتال لایا جائے، عبدالغفار رند

385

جیکب آباد (نمائندہ جسارت) جیکب آباد گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے سول اسپتال کے ڈاکٹروں کی واپسی کے لیے چوتھے روز بھی احتجاج جاری، تھیلیسیمیا سینٹر کی بحالی، جمس میں ایمرجنسی شروع کرنے، سیکرٹری سے احکامات واپس لینے کا مطالبہ۔ جیکب آباد میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے چوتھے روز بھی سول اسپتال کے ڈاکٹروں کی جمس میں تعیناتی کیخلاف احتجاج کیا گیا۔ سول اسپتال کے ڈاکٹروں نے دوگھنٹے تک ٹوکن ہڑتال کرکے جلوس نکالا، جس میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن، ینگ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل یونین کے رہنمائوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹر عبدالغفار رند، ڈاکٹر عادل کھوسو، ڈاکٹر وجے، منظور دشتی اور دیگر نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ سول اسپتال کے جمس میں تعینات ڈاکٹروں کو واپس کرکے سول اسپتال کے شعبے بجال کیے جائیں۔ ڈاکٹروں کے جمس، ڈی ایچ او آفس، ایم سی ایچ سنیٹر تبادلوں کی وجہ سے زچگی، او ٹی سمیت سول اسپتال کے متعدد شعبے بند ہوگئے ہیں جو کہ زیادتی ہے۔ سول اسپتال کے تمام شعبے بحال کیے جائیں، جمس میں ایمرجنسی شروع کی جائے اور تھیلیسیمیا سینٹر کو بحال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ چار روز سے سراپا احتجاج ہیں لیکن کوئی توجہ نہیں دی گئی، اگر یہی رویہ رہا اور مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو احتجاج کا دائرہ بڑھایا جائے گا۔