میرپور خاص، گرلز کالج میں سانپ نکل آئے، طالبات میں خوف

200

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) میرپور خاص کے گرلز کالج میں سانپ نکل آئے، زیر تعلیم بچیوں میں شدید خوف وہراس،دیگر تعلیمی اداروں سے تاحال بارش کا پانی نہیں نکالا جا سکا ہے، اور نہ ہی جھاڑیاں کاٹی گئی ہیں طلبہ اور اساتذہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول بھانسنگھ آباد میں سانپ نکل آئے، جس کی وجہ سے زیر تعلیم طالبات میں شدید خوف وہراس پیدا ہوگیا۔ واضح رہے کہ کورونا کی روک تھام کے لیے لگائے جانے والے لاک ڈائون کے دوران سات ماہ اسکول بند ہونے کی وجہ سے اسکولوں اور کالجز میں بڑی بڑی جھاڑیاں اگ چکی ہیں اور حالیہ بارشوں کا پانی جمع ہونے کے باعث مختلف قسم کے حشرات الارض پیدا ہوگئے ہیں اور انتظامیہ کی جانب سے اسکول کھلنے سے قبل صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے اب اسکولوں میں سانپ نکلنا شروع ہوگئے ہیں۔ اسکول کے عملے نے بتایا کہ سانپ نکل کر قریبی جھاڑیوں میں چلے گئے، ہم نے جھاڑیوں کو آگ لگا دی ہے لیکن طالبات میں خوف موجود ہے۔ دوسری جانب میرپورخاص کے متعدد اسکولوں سے تاحال بارش کا پانی نہیں نکالا جاسکا ہے، جس وجہ سے ان تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم طلبہ اور اساتذہ کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔