سرکاری میڈیکل اسٹور میں تمام ادویات دستیاب ہیں، زوار شاہ

199

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) میڈیکل سپرنٹنڈنٹ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد، جامشورو ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ کاظمی نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد، جامشورو میں ہمارے سرکاری میڈیکل اسٹور میں تمام ادویات دستیاب ہیں جنہیں کنسلٹنٹ کے تجویز کرنے پر ہی مریضوں کو فراہم کیا جاتا ہے اور یہ کہنا غلط ہے کہ ہم لیبارٹری ٹیسٹ کا انتظار کرکے ادویات فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اینٹی بائیوٹک میڈیسن بھی ہمارے سرکاری اسٹور میں دستیاب ہیں اور اگر کوئی مریض ایسا ہے کہ جس کی میڈیسن بہت زیادہ مہنگی ہو اور ہمارے اسپتال کے کنسلٹنٹ یہ سمجھتے ہیں کہ وہ میڈیسن دی جائے جو اسپتال میں نہیں ہے وہ بھی ہم مریض کو باہر سے خرید کرکے دیتے ہیں بلا شبہ وہ ادویات کتنی ہی مہنگی کیوں نہ ہو، لیکن اس کی تصدیق کے لیے وارڈ کے پروفیسرز، کنسلٹنٹ کا تجویز کرنا ضروری ہے اور یہ پالیسی اس لیے رکھی گئی ہے کہ ادویات مس یوز نہ ہوں۔ ڈاکٹر سید زوار حسین شاہ کاظمی نے کہا کہ ہماری پہلی ترجیح اسپتال میں زیر علاج ہر مریض کو تمام ادویات کے ساتھ معیاری خوراک کی فراہمی اور اسپتال کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانا ہے۔ تمام مریض خواہ وہ اسپتال کے وارڈوں میں زیر علاج ہوں یا او پی ڈی میں آنے والے تمام مریضوں کو ادویات اور سرنج کے ساتھ انجکشن فراہم کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے اپنے وضاحتی بیان میں مزید بتایا کہ شعبہ امراض اطفال میں بچوں کے درجنوں انکیوبیٹر کام کررہے ہیں، تاہم مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافے کے پیش نظر ہم نے مزید انکیوبیٹر کے لیے حکومت سندھ سے سفارش کی تھی جس کے بعد حکومت سندھ نے ہماری سفارش پر نظر ثانی کی اور ہمیں مزید 20 انکیوبیٹر دیے ہیں جبکہ مریضوں کو انجکشن، ادویات اور دیگر علاج ومعالجہ کی سہولیات محکمہ صحت کے سیپرا رول کے مطابق دے رہے ہیں۔