ٹنڈوالہیار ،راہ حق پارٹی کا بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاج

141

ٹنڈوالہٰیار (نمائندہ جسارت) پاکستان راہ حق پارٹی کی جانب سے حیسکو کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کیخلاف نیشنل پریس کلب پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔ سہیل قائم خانی، ظہیر کشمیری، مولانا اصغر تھیبو، فاروق قائم خانی، شاہد کشمیری، مولانا قاسم، پرائیویٹ ڈرائیور یونین کے جنرل سیکرٹری ریاض جٹ اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیسکو مکمل طور پر عوام کے لیے درد سر بن چکا ہے، نا اہل و کرپٹ حیسکو افسران و اسٹاف کی بدولت شہر بھر میں بجلی کا نظام ناکارہ ہوکر رہ گیا ہے۔ حیسکو افسران اپنے دفاتر میں موجود نہیں ہوتے، بجلی کے ستائے عوام ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ علاقوں میں کئی کئی مہینے سے ٹرانسفارمر خراب ہیں لیکن حیسکو عملہ کسی کا جائز کام بھی نہیں کرتا۔ ناجائزو بوگس بلوں کے ذریعے چھوٹے چھوٹے گھروں پر لاکھوں روپے کے واجبات بنا دیے گئے ہیں جن کی درستگی کے لیے صارفین حیسکو کے دفاتر کے دھکے کھانے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو بدترین کرپشن کی آماجگاہ بن چکا ہے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ساتھ ساتھ اب عوام و سردیوں سے قبل گیس لوڈشیڈنگ کی اذیت سے دو چار ہیں۔ گیس بندش سے لاکھوں گھریلو صارفین پریشانی میں مبتلا ہورہے ہیں۔ گیس کے بحران کی وجہ سے صنعتی اداروں میں صنعتیں بند ہونے اور بے روزگاری بڑھنے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حیسکو میں کرپشن اور عوام پر ناجائز جرمانوں کے اجراء کا نوٹس لیں اور نیب اور ایف آئی اے سے تحقیقات کرائیں۔