میرمرتضی بھٹو کو سازش کے تحت ساتھیوں سمیت قتل کیا گیا

133

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) بھٹو کے بیٹے میر مرتضیٰ بھٹو اور ان کے 6 ساتھیوں کی 24 ویں برسی انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، پاکستان پیپلز پارٹی ضلعی کی جانب سے نوڈیرو بھٹو ہاؤس میں برسی کے موقع پر قرآن خوانی کی گئی جس میں پی پی پی ضلع لاڑکانہ کے جنرل سیکرٹری اعجاز احمد لغاری، انفارمیشن سیکرٹری عمران حسن جتوئی، پی پی پی سٹی لاڑکانہ کے صدر خیر محمد شیخ، جنرل سیکرٹری انور علی لہر سمیت دیگر عہدیداران اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جہاں لنگر بھی تقسیم کیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان پیپلز پارٹی(ش ب) کی جانب سے المرتضیٰ ہاؤس میں قرآن خوانی کرکے تعزیتی اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں صدر پاکستان پیپلز پارٹی(ش ب) کے پی کے سید سلیم شاہ، ضلع لاڑکانہ کے صدر محمد زبیر جتوئی، غلام حیدر ناریجو، منیر احمد بروہی، گل بہار جعفری، غلام رسول عمرانی، علی افضل خان، وریام چنا، آپا پروین چانڈیو اور لیاقت عمرانی سمیت دیگر رہنمائوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خون دینے والے المرتضیٰ ہاؤس میں آج موجود ہیں اور لاڑکانہ سے باہر جو برسی منارہے ہیں وہ دودھ پینے والے ہیں، غنویٰ بھٹو نے دو ہیروں کو سنبھالا اور دونوں ہیرے ان کے گود میں پلے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرپرسن غنویٰ بھٹو کے ہر فیصلے کو ہم تہہ دل سے قبول کریں گے، میر مرتضیٰ بھٹو کو ایک منظم سازش کے تحت دور کرنے کی کوشش کی جب وہ کامیاب نہیں ہوئے تو انہیں راہ چلتے بے گناہ 6 ساتھیوں سمیت اپنے ہی گھر کے باہرقتل کردیا گیا جن کی عظیم جدوجہد اور عظیم قربانی کو ہم سلام پیش کرتے ہیں اور یہ عہد کرتے ہیں کہ پاکستان پیپلز پارٹی (ش ب) کا ہر کارکن ملکی سلامتی اور جمہوریت کی بقا کے لیے اپنے خون کے آخری قطرے تک جدوجہد کرتا رہے گا۔ دوسری جانب پی پی پی(ش ب) کے رہنمائوں اور کارکنان نے قافلے کی صورت میں گڑھی خدابخش بھٹو پہنچ کر میر مرتضیٰ بھٹو کے مزار پر حاضری دے کر پھولوں کی چادریں چڑھائیں اور فاتحہ خوانی کی۔