اے پی سی کا رزلٹ صفر جمع صفر ہو گا‘ فیاض الحسن چوہان

239

لاہور (نمائندہ جسارت) صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ اے پی سی کا نتیجہ صفر جمع صفر، ضرب صفر منفی صفر ہی ہو گا، نواز شریف سزا یافتہ ہیں انہوں نے اے پی سی میں آن لائن شرکت کے ذریعے ملکی سیاسی صورتحال میں دخل اندازی کرنے کی کوشش کی تو اس کے اثرات خطرناک ہو سکتے ہیں لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن آخری حربہ استعمال کرتے ہوئے اے پی سی بلا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آلِ شریف، آلِ زرداری اور مولانا فضل الرحمان حکومتی خزانے کو اینٹھنے کے چکر میں ہیں، لیکن اپوزیشن کے کرپٹ عناصر کو صرف احتساب کا جلوہ ملے گا۔ بیگم صفدر اعوان کی اے پی سی میں شمولیت ن لیگ کے لیے باعثِ تشویش ہونی چاہیے کیونکہ اپنے والد، چچا، شوہر، کزن اور پارٹی سیاست سمیت جس معاملے میں بھی انہوں نے ہاتھ ڈالا، وہاں صرف ذلت و رسوائی ہی ان کے ہاتھ آئی۔