اسموگ کے خاتمے کیلیے ملکی تاریخ میں پہلی بار لاہور میں مصنوعی بارش

1040
environmental

لاہور: فضائی آلودگی اور اسموگ کے خاتمے کے لیے ملکی تاریخ میں پہلی بارش لاہور میں مصنوعی بارش کا تجربہ کامیاب رہا-

نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مصنوعی بارش برسانے کا منصوبہ کامیاب رہا، جس کے تحت صوبائی دارالحکومت کے 10 علاقوں میں بارش  برسائی گئی، جس کے نتیجے میں شہر کی ائرکوالٹی بہتر ہو سکے گی-

نگراں وزیراعلیٰ نے بتایا کہ مصنوعی بارش کے لیے پہلی پرواز میں شاہدرہ اور مریدکے کے قریب فلیئرز فائر کیے گئے- اس کے لیے ہم اماراتی ٹیم کے شکرگزار ہیں- متحدہ عرب امارات کی حکومت نے لاہور میں مصنوعی بارش کے معاملات کو دیکھا- امارات کا خصوصی طیارہ اس سلسلے میں 10 روز پہلے ہی  آ چکا تھا-

مصنوعی بارش کے لیے امارات سے کل 2 طیارے آئے، جن میں متحدہ عرب امارات سے پوری  ٹیم بھی پاکستان آئی ہے-

نگران وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اب لاہور کا ائرکوالٹی انڈیکس یقینی طور پر نیچے آئے گا، اب دیکھیں گے مصنوعی بارش کا کتنا اثر پڑتا ہے، کچھ چیزیں لانگ ٹرم ہیں اور کچھ شارٹ ٹرم، دونوں کو ٹرائی کیا، کل رات لاہور میں ائرکوالٹی انڈکس زیادہ تھا اور پہلے نمبر پر تھا۔

انہوں نے کہا کہ اگر صحت کے لیے یہ ٹیکنالوجی ٹھیک نہیں ہوتی تو یہ ٹیکنالوجی کوئی بھی ملک استعمال نہیں کرتا مگر متحدہ عرب امارات اور امریکا میں بھی یہ ٹیکنالوجی استعمال ہورہی ہے۔