جھڈو کے شہریوں کی اپنی مدد آپ کے تحت سڑک کی تعمیر

488

جھڈو (نمائندہ جسارت) حکومت اور بلدیاتی اداروں کی کارکردگی سے مایوس جھڈو کے شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خستہ حال اور ٹوٹ پھوٹ کاشکار سڑکوں کے ٹکڑے بنانے اوران کی مرمت کا کام شروع کردیاہے، شہریوں کی جانب سے اپنی مدد آپ کے تحت کام کرنے کی نئی روایت کا عوام نے خیر مقدم کیا ہے۔ جھڈو کی گزشتہ بلدیاتی کونسل کی ناقص کارکردگی،حکومت اوربلدیاتی اداروں سے مایوس بعض مخیر شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت خستہ حال سڑکوں کی مرمت اورگلی محلوں کے راستوں کو پختہ اور تعمیر کرنے کی ایک نئی روایت کا آغاز کردیا ہے،جھڈو کی مویشی منڈی کے عقب سے رحیم آ باد کی جانب سے شہر کی معروف داخلی سڑک پندرہ روزتک برساتی پانی میں ڈوبے رہنے اور رابطہ سڑکوں پر پانی اور کیچڑ موجود ہونے کے بعد شہرکا مواصلاتی نظام کئی روز تک درہم برہم رہا اور اسٹیشن روڈ سے شہر کا رابطہ کئی روز تک معطل رہا جس سے شہریوں کو امدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرناپڑا،جس کے بعد اہل محلہ اور مخیر حضرات جن میں سیٹھ علی گوہرقائم خانی ،خالد جاوید آرائیں، ٹھیکیدار اسلم اور پربو خاصخیلی نے شہریوں کو آمدورفت میں پیش آنے والی دشواریوں کے پیش نظررحیم آبادکے داخلی راستہ پرایک سو فٹ کا بلیک ٹاپ روڈ مشترکہ طور پر تعمیر کروادیاہے،اس سے قبل شاہی بازار اور شہر کے مختلف علاقوں میں بھی شہری اپنی مدد آپ کے تحت سی سی روڈ بنواچکیہیں،جھڈو کے شہری حلقوں نے جہاں اہل محلہ کی جانب سیاس روایت کے آغازکا خیر مقدم کیا ہے وہیں شہری حلقوں کایہ بھی کہناہے کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کا یہ کام بنیادی طور پر بلدیاتی اداروں کا ہے لیکن سیلاب کی زد میں آنے والے شہر جھڈو میں بلدیاتی اداروں کا کہیں وجود نظر نہیں آتا۔ شہریوں کے اتحاد و اتفاق اور مثبت تجاویز کے ذریعے بلدیاتی اداروں کے افسران کو مجبور کیا جائے کہ وہ جھڈو شہر کی تباہ حال اور ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں اور نالیوں کی تعمیر کے لیے جلد این آئی ٹی منظور کروائے۔