ایف بی آر کو مزید فعال اور ٹیکس فنڈز پر مشاورت کریں گے ،حفیظ شیخ

153

کراچی (بزنس رپورٹر) وزیرِ اعظم کے مشیر برائے خزانہ حفیظ شیخ نے اوورسیز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے ساتھ ایک انٹرایکٹیو میٹنگ کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر مشیر خزانہ نے گزشتہ2 سال میں معیشت کو درپیش چیلنجز اور اس کو استحکام کے لیے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آرکو مزید فعال اور ٹیکس ری فنڈز پر مشاورت کریںگے ‘ سیمنٹ، آٹو موبائل اور کھاد سمیت کچھ صنعتوں میں نمو اور پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں تیزی کا رجحان حوصلہ افزا ہے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھنا چاہیے۔ اس موقع پر او آئی سی سی آئی کے صدر ہارون رشید نے کہا کہ ٹیکس ریفنڈ میں تاخیر اور کچھ دیگر مسائل ملک میں براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری لانے میں رکاوٹ ہیں۔ او آئی سی سی آئی اراکین نے بجٹ2020-21ء کے دوران مثبت کردار ادا کرنے پر مشیرخزانہ کی کوششوں کو سراہا اور بیرون ملک پاکستانیوں کے لیے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ متعارف کرانے کو درست سمت میں قدم قراردیا۔ انہوںنے لاہور، سیالکوٹ رنگ روڈ پر ہونے والے واقعے پر بھی تشویش کا اظہار کیا جس سے پاکستان میں سیکورٹی کے بہتر ماحول سے مطمئن اسٹیک ہولڈرز کی حوصلہ شکنی ہوسکتی ہے۔ اس موقع پر شرکاکے سوالات کا جواب دیتے ہوئے مشیر خزانہ نے یقین دہانی کرائی کہ گجرات انڈسٹریل ڈیولیمنٹ کارپوریشن (جی آئی ڈی سی) کے معاملے کو عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے مطابق خوش اسلوبی سے حل کرلیا جائے گا‘ ایف بی آرکو مزید فعال کیا جائے گا اور تمام اہم امور خاص طو پر ٹیکس ریفنڈ جیسے مسائل حل کرنے کے لیے باقاعدگی کے ساتھ او آئی سی سی آئی جیسے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کی جائے گی۔