وزیراعظم کا اعلان کردہ کراچی پیکیج نئی شعبدے بازی ہے

291

ٹنڈوالٰہیار(نمائندہ جسارت)وزیراعظم عمران خان کا اعلان کردہ کراچی پیکیج ایک نئی شعبدے بازی ہے،یہ شہرقائد کی ترقی کے لیے مخلص نہیں ہیں،محض اعلانات کرنے سے شہر قائد کی تقدیر نہیں بدلے گی،وفاقی حکومت کو سیاسی انتقام سے فرصت نہیں ہے انہوںنے بتایا کہ کئی علاقوں سے اب تک بارش کے پانی کی نکاسی نہیں ہوسکی ہے ۔علاقے کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ،جن کی وجہ ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے صوبائی نائب صدر سید عبدالغفور شاہ اور سینئر نائب صدر ضلع ٹنڈوالٰہیار محمد اکر م جٹ نے اپنے پر یس بیان بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجود ہ وفاقی حکومت کے دور میں تمام شعبے تنزلی کا شکار ہیں ۔میاں نواز شریف کے دور حکومت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن تھا ۔کراچی کا امن بحال کرنا مسلم لیگ (ن) کی سب سے بڑی کامیابی ہے ۔امن کی بحالی کے بعد امید تھی کہ شہر اپنی کھوئی ہوئی میراث دوبارہ حاصل کرے گا لیکن سلیکٹڈ حکمرانوں نے اسے مزید کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ وزیراعظم نے کراچی کے شہریوں کو ایک مرتبہ پھر لالی پاپ دینے کی کوشش کی ہے ۔شہریوں کو اب تک وزیراعظم کے اعلان کردہ 162ارب روپے ملنے کا انتظار ہے اس حکومت سے کوئی اچھی امید رکھنا اپنے آپ کو دھوکا دینے کے متراد ف ہوگا ۔اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس میں سلیکٹڈ حکمرانوں سے نجات کے لیے لائحہ عمل طے کیا جائے گا اور جلد عوام کی جان ان بہروپیوں سے چھوٹ جائے گی۔