دھابیجی میں غیر قانونی ہائیڈرنٹس بند کیے جائیں، علی گل جوکھیو

163

دھابیجی (نمائندہ جسارت) دھابیجی کے رہائشی علی گل جوکھیو نے وزیر اعظم، چیف جسٹس پاکستان، چیئرمین نیب، اینٹی کرپشن اور دیگر تحقیقاتی اداروں کو ایک خط کے ذریعے آگاہ کیا ہے کہ دھابیجی سمیت ضلع ٹھٹھہ کے مختلف علاقوں میں زیر زمین پانی کے غیر قانونی ہائیڈرنٹ چل رہے ہیں جن سے روزانہ لاکھوں لیٹر پانی نکال کر ٹینکروں کے ذریعے فروخت کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے زیر زمین پانی کی سطح میں کمی کا خطرہ ہے۔ انہوں نے مزید لکھا ہے کہ گزشتہ دنوں اسسٹنٹ کمشنر میرپور ساکرو سلیم میمن نے پولیس کی نفری کے ہمراہ دھابیجی میں قائم غیر قانونی ہائیڈرنٹس پر چھاپے مارے تاہم اس موقع پر انہوں نے صرف ایک ہی ہائیڈرنٹ کو سیل کیا جبکہ کئی دیگر غیر قانونی طور پر چل رہے ہیں، جس سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ جانبدارانہ طور پر ایک بور کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے سیل کیا گیا یا پھر دیگر کو بھاری رشوت کے عوض رعایت دی گئی، یہی وجہ ہے کہ دیگر ہائیڈرنٹ بدستور چل رہے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں ڈپٹی کمشنر ٹھٹھہ، کمشنر حیدر آباد سے بھی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔