عاصم باجوہ بے گناہ ثابت ہونے تک عہدوں سے الگ رہیں،حافظ حسین

593
فضل الرحمن قوم کو بتائیں کہ 48گھنٹوں میں کتنے ہفتے ہوتے ہیں، حافظ حسین

کوئٹہ: جمعیت علماءاسلام کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد کا کہنا ہے کہ عاصم سلیم باجوہ جب تک عدالت جاکر خود کو بے گناہ ثابت نہیں کرتے تب تک وہ سی پیک کی سربراہی سے الگ ہوجائیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہاکہ  اگر اب بھی وہ اپنے عہدوں پر قائم رہے تو پھر ثابت ہوگا کہ احتساب کے نام پرصرف ڈھونگ رچایا گیا ہے۔

حافظ حسین احمد کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں عمران خان کہا کرتے تھے کہ جب کسی پر کرپشن کا الزام لگے تو وہ اپنے منصب سے مستعفی ہوجائے لیکن اب وہ پیش کئے گئے استعفیٰ کو بھی واپس کررہے ہیں جوکہ عمران خان کا ایک اور بڑا یوٹرن ہے۔

جے یو آئی کے ترجمان نے مزید کہا کہ کچھ لوگ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں یا ان کو بالاتر رکھا جاتا ہے، جنرل پرویزمشرف لال مسجد، نواب اکبر بگٹی قتل کیس اور پاکستان کے آئین کو توڑنے آرٹیکل 6 کے تحت اسلام آباد کی عدالت میں پیش ہونے جارہے تھے کہ نہیں امراض قلب کے اسپتا ل پہنچا دیا گیاتھا حالانکہ پرویز مشرف کو تکلیف کمر کی تھی لیکن دل کے اسپتا ل میں پہنچایا گیا اور اب وہ دبئی میں بیٹھے ہیں۔