وزیراعظم کی جیلوں میں قید خواتین کو رہا کرنے کی ہدایت

622

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے جیلوں میں قید خواتین کو سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق رہا کرنے کی ہدایت کر دی۔

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ وزارت داخلہ کو خواتین قیدیوں کی رہائی کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فیصلہ وزارت انسانی حقوق، اٹارنی جنرل اور بیرسٹر علی ظفر کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا ہے جبکہ سپریم کورٹ کے فیصلے پر پورا اترنے والی انڈر ٹرائل اور سزا یافتہ خواتین قیدیوں کی رہائی ہوگی۔

وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا کہ غیر ملکی قیدی خواتین کے حوالے سے بھی فوری رپورٹ طلب کی ہے اور موت کی سزا پانے والی خواتین کے حوالے سے انسانی ہمدردی کی بنیادوں پر رپورٹ طلب کی ہے۔

ٹویٹ میں کہا کہ سپریم کورٹ نے مقدمہ نمبر 292/2020میں خواتین قیدیوں کے بارے میں فیصلہ جاری کیا تھا۔