فیٹف سے متعلق قانون سازی کے لیے اپوزیشن سے رابطے کا فیصلہ

508

اسلام آباد ( آن لائن)سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات اور ان سے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ذرائع کے مطابق منگل کے روز دونوں آئینی اداروں کی سربراہوں کی ملاقات میں بین الپارلیمانی یونین کے آئندہ انتخابات پر بھی بات چیت ہوئی جس میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی صدر آئی پی یو کے عہدے کے لیے امید وار ہیں اس حوالے سے مشترکہ کوششوں کے ذریعے یہ اہم عہدہ پاکستان کو بھجوانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن پر زور دیا کہ وہ فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس سے متعلق اہم قانون سازی میں تعاون کرے اور مشترکہ اجلاس میں اس حوالے سے پیش کیے جانے والے بل کی منظوری میں حکومت کی حمایت کی جائے کیونکہ یہ قومی مفاد کا بل ہے ،اپوزیشن نے پہلے بھی قومی اسمبلی میں اس بل پرتعاون کیا تھا اور اب بھی ان کے تعاون کی ضرورت ہے ۔چیئرمین سینٹ اور سپیکر قومی اسمبلی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے اس بل کی منظوری کے لیے اپوزیشن رہنمائوں سے رابطے کرنے پر بھی اتفاق کیا اور حکومتی وزراء پر بھی زور دیا کہ وہ اپوزیشن کے خلاف سخت بیان بازی سے گریز کریں تا کہ قانون سازی کا یہ مرحلہ مکمل کیا جاسکے ۔