حکومت قادیانیوں کو نوازنا چھوڑ دے ،اسد اللہ بھٹو

183

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان و سابق ایم این اے اسد اللہ بھٹو نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے کوئی بھی عاشق رسول اپنی جان قربان کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔ عقیدہ ختم نبوت اورتحفظ ناموس رسالت ہر مسلمان کے ایمان وعقیدے کا حصہ ہے۔ نصاب تعلیم سے لیکر قادیانیوں کو اقلیتی کمیشن میں شامل کرنے تک حکومتی اقدامات اسلام ونظریہ پاکستان کے خلاف ہیں۔حکومت قادیانیوں کو نوازنا چھوڑدے، توہین رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کی سزا صرف سزائے موت ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں یہ قانون نافذ فرمایا۔مغرب کے حکمران ختم بنوت قانون کو ختم کرنے میں لگے ہوئے ہیں ، قادیانی ختم نبوت صلی اللہ علیہ وسلم کا خاتمہ چاہتے ہیں۔جماعت اسلامی ایک انقلابی جماعت ہے جوفرسودہ نظام کے خاتمے اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کے لیے جدوجہد کررہی ہے۔ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ وسلم پر ہم اپنی جانیں بھی قربان کر دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے مبارک مسجد لطیف آبادنمبر8 میں جماعت اسلامی کے ایک روزہ دعوتی و تربیتی اجتماع عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انھوںنے کہا کہ مجھے افسوس ہے عدالتو ں پر ایک قتل کرنے والے کو چھوڑ دیا جاتا ہے اور عاشق رسول صلی اللہ علیہ وسلم ممتاز قادری کو سزائے موت دے دی جاتی ہے۔ہمارا دین دعوتی دین ہے۔آج ہمارے دین کو نیچا دکھانے کی کوششیں ہو رہی ہے۔ ہمارے گھر اور معاشرے سے دینی اقدار ختم ہو رہی ہیں۔ہم سب کا فرض ہے کہ ہم دین پر خود بھی عمل کریں اور معاشرے میں بھی اس کو فروغ دینے کی کوشش کریں۔ جماعت اسلامی ایک ایسی جماعت ہے جس کا مقصد ہی یہ ہے کہ دین کی تعلیم کو عام کیا جائے دعوت دین کو فروغ دیا جائے اور پاکستان میں اقامت دین کی جدوجہد کی جائے۔نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ شہدا کربلا کی قربانیوں کو رہتی دنیا تک سراہا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ غلبہ اسلام،ظالم اورظلم کے خلاف ڈٹ جانے کانام حسینیت ہے۔حسینیت حق اورباطل یزیدیت کانام ہے۔ واقعہ کربلا درس انقلاب ہے جو اسلامی حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد اور یزیدی صفت حکمرانوں کیخلاف ڈٹ جانے کا نام ہے۔قبل ازیںاجتماع عام سے نائب امیر جماعت اسلامی سندھ حافظ نصر اللہ عزیز، نائب صدر اسلامک سرکل آف نارتھ امریکا ڈاکٹر شاہد رفیق، امیر جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد حافظ طاہر مجید،مذہبی اسکالر زین العابدین لغاری، امیر جماعت اسلامی لطیف آباد زون اے شیخ شوکت علی اور امیر جماعت اسلامی زون کینٹ مشتاق احمد خا ن نے بھی خطاب کیا۔ نائب امراء جماعت اسلامی ضلع حیدرآباد ڈاکٹر سیف الرحمن ، عبدالقیوم حیدر، جنرل سیکرٹری مطاہر خان بھی شریک تھے۔