“امن معاہدہ، فلسطینیوں اورالقدس کو بطور قیمت پیش نہیں کرنا چاہیے”

582

رام اللہ: فلسطینی وزیراعظم محمد اشتیہ نے کہا ہے کہ عرب امارات نے امریکا اور اسرائیل کی خوشنودی حاصل کرنے کےلیے صہیونی ریاست کے ساتھ دوستی کا معاہدہ عرب اقوام کے اجماع سے صریح انحراف ہے۔

فلسطینی وزیراعظم نے کابینہ  کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل سے عرب ممالک کے تعلقات اور مسجد اقصیٰ میں اسرائیل کی سرپرستی میں نماز کی ادائیگی ناقابل قبول ہے، فلسطینی حکومت اسرائیلی مظالم کا بھرپور مقابلہ کرے گی، جہاں تک غرب اردن پر اسرائیلی خود مختاری معطل کرنے کا معاملہ ہے تو یہ فلسطینی قوم کے مضبوط اور اجتماعی موقف کا نتیجہ ہے۔

محمد اشتیہ نے مزید کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کا ہنگامی اجلاس آج  (بدھ) کو منعقد ہورہا ہے جس میں یواے ای کے اسرائیل کے ساتھ تعلقات اور اس کے مضمرات پر روشنی ڈالی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ متحدہ عرب امارات کو اپنے اسلحے اور دفاع کو مضبوط کرنےکیلیے القدس اور فلسطینی قوم کو بطور قیمت پیش نہیں کرنا چاہیے، غرب اردن پر اسرئیل کے الحاق، یہودی توسیع پسندی اور اسرائیلی فوج کے نہتے فلسطینیوں پر مظالم کا بھرپور مقابلہ کرے گی۔