میرپور خاص ،سندھی شاگرد تحریک کا میرٹ کی دھجیاں اڑانے کیخلاف احتجاج

272

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) سندھی شاگرد تحریک میرپور خاص کی جانب سے سندھ بھر میں میرٹ کی دھجیاں اڑانے، کورونا وباء کے سبب یونیورسٹیوں کی سالانہ فیسوں میں اضافے، یونیورسٹی کے ماسٹرز اور بیچلرز پروگرام کے لیے ہر ضلع میں انٹری ٹیسٹ کرانے، سندھ کے لاء کالجوں میں بہتر سیمسٹر پالیسی ترتیب دینے، سندھ کے ہر تعلقہ میں لائبریری قائم کرنے، کالج اور اسکول سطح پر سیمسٹر سسٹم لانے سمیت دیگر مطالبات کی منظوری کے لیے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے سندھی شاگرد تحریک کے مرکزی صدر پر دیپ گلاب، کبیر بھیل، ہرجانند شرما، نقاش، مرتضیٰ چانڈیو، نظام جروار، راشد رمدان، عوامی تحریک کے ضلعی رہنما ٹیکم داس اور دیگر نے کہا کہ سندھ کے تمام تعلقوں میں لائبریریاں دی جائیں، یونیورسٹیوں کے ضلعی سطح پر انٹری ٹیسٹ کرائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ وفاقی حکومت کی غلط پالیسیوں کے سبب اور کورونا وباء کی وجہ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوئے ہیں جو اب اپنے روزگار اور دو وقت کی روٹی کے لیے پریشان ہیں اور ایسی صورتحال میں اکثر والدین اپنے بچوں کی تعلیمی فیسیں جمع نہیں کراسکے جس کے بعد ان کے بچوں کو آن لائن فارم کی سہولت سے محروم کرکے امتحان دینے سے روکا جارہا ہے، جس سے یونیورسٹی انتظامیہ کی تعلیم دشمن پالیسیاں واضح ہوگئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ لائبریریاں ترقی پسند معاشرے کی بنیاد ہوتی ہیں اور لائبریریاں نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ اسکولوں سے فرصت کے لمحات میں فضول کھیل میں اپنا وقت ضائع کررہے ہیں۔ سندھی شاگرد تحریک سندھ کے طالب علموں کو اپنے نصاب اور غیر تدریسی علم پڑھتا ہوا دیکھنا چاہتی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا کہ طالب علموں کے مطالبات مان کر ان کا مستقبل تباہ ہونے سے بچایا جائے۔