امن و امان کے قیام کیلیے تاجر برادری کا کردار قابل ستائش ہے،عرفان سموں

290

سکھر( نمائندہ جسارت)ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے کہا ہے کہ شہر میں امن و امان کے قیام کیلیے تاجر برادری کا تعاون و کردار قابل ستائش ہے تاجر برادری کو درپیش مشکلات اور انہیں ہر ممکن تحفظ فراہمی کے سلسلے میں اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ تاجر برادری میں پائی جانے والی بے چینی دور کی جاسکے شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کے حل کیلیے سکھر پولیس اور تاجر برادری کی مشترکہ کوشش سے ان شاء اللہ بہت جلد ٹریفک مسائل سے چھٹکارا حاصل کر لیا جائے گا۔ شہر میں جرائم پیشہ افراد کیلیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں کراچی سندھ تاجر اتحاد سکھر کے صدر محمد عامر فاروقی ، جنرل سیکرٹری حاجی پرویز چنا کی قیادت میں ملنے والے تاجر وفود سے گفتگو کے دوران کیا۔وفد میں انجمن شاہی بازار کے صدر حاجی شفیع محمد عباسی ، نشتر روڈ کے حاجی مناف ، وکٹوریہ مارکیٹ سکھر کے حاجی ملنگ بابا، صرافہ بازار کے زاکر بندھانی ، میانی روڈ کے محمد افضل میمن ، انجمن واری تڑ روڈ کے اشرف بلوچ ، ندیم احمد ، رحمت علی ، شکارپور روڈ کے انیس عرف بھولا بندھانی ، پنساریونین کے حاجی انور کمال بلوچ ، شیخ شنہین روڈ الیکڑک کے شہزاد خرم ، گلیمر موبائل شاپ کے عمار فاروقی ، شوکت شاہ ، ڈھک روڈ کے امان اللہ سمیت دیگر تاجر برادری شامل تھی۔تاجر وفود نے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں سمیت دیگر پولیس افسران و اہلکاروں کی جانب سے شہر میں امن و امان کے قیام کیلیے بہتر حکمت عملی اور شہریوں سمیت تاجر برادری کو تحفظ فراہمی کے سلسلے میں کیے جانے والے اقدامات پر سراہا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔ ملاقات میں وفود نے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کو شہر میں ٹریفک مسائل کے حوالے سے تاجر برادری اور شہریوں کو درپیش مشکلات سے آگاہ کیا جس پر وفد کو یقین دلاتے ہوئے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں نے کہا کہ ٹریفک مسائل کے حل کیلیے تاجر برادری کا تعاون ہی مسائل سے نجات کا ذریعہ ہے اور مشترکہ جدوجہد سے ٹریفک مسائل سے بھی چھٹکارا حاصل کر لیا جائے گا۔تاجر برادری نے شہری و ٹریفک مسائل کے حل کیلیے ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کو بھی اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔