آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی، نفیسہ شاہ

204

سکھر( نمائندہ جسارت) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تمام جماعتیں اپنا کردار ادا کریں گی، حکومت مخالف تحریک میں تمام جماعتوں کو متحرک کرنے میں چیئرمین بلاول زرداری کا کردار اہم ہے،سکھر میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس میں تحریک کے متعلق لائحہ عمل طے کیا جائے گا، اے پی سی میں فیصلہ کیا جائے گا کہ ان ہائوس تبدیلی ہو یا مڈٹرم الیکشن کی طرف جائیں،ان کا کہنا تھا کہ انتخابی اصلاحات بھی اے پی سی کا حصہ ہوسکتے ہیں، اے پی سی کے یقیناً مثبت نتائج نکلیں گے اور عوام کو خوشخبری ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ و ہ ہندو تاجر راجش کمار کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرنے آئی ہوں، نوجوان تاجر کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، راجیش کمار کے قتل میں ملوث قاتلوں کو گرفتار کیا جائے گا، خیرپور میں بدامنی ہوئی تو وہاں پر ایس ایس پی کا تبادلہ کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو عید پر بھی عوام کا خیال نہیں آیا، کورونا سے پوری معیشت بیٹھ گئی اس دوران پچیس روپے پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا، کشمیر پالیسی پر حکومت ناکامی سے دوچار ہوئی، کشمیر کی جدوجہد کو صرف دو منٹ کی خاموشی میں تبدیل کیا گیا جس کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔اس موقع پر میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ، ایم، این، اے مسرت میہسر، لیڈیز ونگ سکھر ڈویژن کی صدر اور ایم، پی، اے غزالہ سیال، سیکرٹری اطلاعات سکھر سٹی چودھری اظہر حسنین، سیکرٹری اطلاعات ضلع خیرپور علی شیر مکول اور لیڈیز ونگ سٹی سکھر کی جنرل سیکرٹری عذرہ جمال بھی ان کے ہمراہ تھے۔