آوارہ کتوں نے عوام کے بعد قربانی کے بکرے کو بھی زخمی کردیا

1308

کراچی(رپورٹ :محمد علی فاروق) عوام کے بعد قربانی کے جانور بھی آوارہ کتوں کا شکار ہونے لگے،کراچی کے  علاقے عزیزآباد میں آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کر کے زخمی کردیا ۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی ایریا میں آوارہ کتوں نے قربانی کے جانوروں کو کاٹنا شروع کر دیا ، گزشتہ روز 4 آوارہ کتوں نے گھر کے باہر بندھے بکرے کو کاٹ کر شدید زخمی کردیاہے۔

بکرا ایک بیل کے ساتھ بندھا ہوا تھا کہ رات کے وقت اچانک چار کتوں نے اس پر حملہ کر دیا، بکرے نے کچھ دیر تک کتوں کے آگے مزاحمت کی، اس دوران بیل بھی خود کو بچاتا رہا، تاہم کچھ دیر بعد آوارہ کتے بکرے کو کاٹنے میں کامیاب ہو گئے،کتوں کے کاٹنے سے بکری کی گردن اور پچھلی ٹانگیں شدید زخمی ہو گئیں، جس کے باعث مالک نے بکرے کو ذبح کر دیا۔

سندھ کے دیگر شہروں کی طرح کراچی میں بھی آوارہ کتوں کا مسئلہ کچھ عرصے سے سنگین صورت اختیار کر چکا ہے،آئے دن لوگ کتوں کے کاٹنے کا شکار ہو رہے ہیں۔

تاہم قربانی کے جانور پہلی بار آوارہ کتوں کے اس طرح نشانہ بنے ہیں، جس نے قربانی کرنے والوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔

شہریوں کا کہنا تھا کہ صوبائی اور شہری حکومت ہنگامی بنیادوں پر شہرقائد کی گلیوں میں گھومتے آوارہ کتوں کے خلاف کتا مار مہم شروع کرےتاکہ انسانوں کے ساتھ ساتھ قربانی کے جانور بھی محفوظ ہوسکیں۔