ہر ماہ چئیرمین پی سی بی کی رہائش پر 3 لاکھ سے زائد رقم خرچ کی جاتی ہے

641

کراچی: نجی ٹی وی کے ویب سائٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا دفتر لاہور میں ہے تاہم احسان مانی صاحب لاہور کے رہائشی نہیں اس صورت میں چیئرمین کو مکمل فرنیشڈ رہائش یا 1 لاکھ روپے ماہانہ دیےجاتے ہیں۔

پی سی بی کی ویب سائٹ کے مطابق احسان مانی کی رہائش پر جولائی 2019 سے جون 2020 تک 40 لاکھ24 ہزار 260 روپے خرچ ہوئے ہیں، یعنی ہر ماہ تقریباً 3 لاکھ 35 ہزار روپے صرف رہائش پرخرچ کیے جاتے ہیں ۔

دوسری جانب نجی ویب سائٹ کا بتانا ہے کہ گزشتہ6 سے7 برس میں کسی اور “اعزازی” چیئرمین نے لاہور میں رہائش پر بورڈ سے اتنی رقم خرچ نہیں کرائی۔

کرکٹ بورڈ کی پالیسی کے مطابق اگر کوئی چیئرمین شہر میں اپنی پسند کی کسی جگہ پر رہنا پسند کرے تو اسے 1 لاکھ روپے ماہانہ کا مانیٹری الاؤنس دیا جائے گا یا اگر رہائش کی فرنشنگ درکار ہو تو چیئرمین20 لاکھ روپے تک بورڈ سے حاصل کرسکتا ہے تاہم یہ بات ذہن میں رہے کہ  اس فرنیچر کی ملکیت بورڈ کی ہوتی ہے ، احسان مانی اب تک اس مد میں 14 لاکھ58 ہزار374 روپے وصول کرچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بورڈ کی جانب سے یہ قانون اسی دور میں متعارف کرایا گیا ہے کہ ، چیئرمین کو سیکیورٹی گارڈ سمیت گھر کے لیے تین کْل وقتی ملازمین رکھنے کی اجازت ہوگی جن کی تنخواہ  بورڈ براہ راست ادا کرتا ہے۔

چیئرمین پی سی بی کو لاہور میں بورڈ کے ملازم ڈرائیور سمیت2400 سی سی کار رکھنے کا اختیار حاصل ہے جبکہ احسان مانی نے1800 سی سی کار لی ہوئی ہے، اس کی مینٹیننس بھی بورڈ کے ذمہ ہے۔ چیئرمین کوبعد میں مروجہ ریٹ پر یہ کار خریدنے کا اختیار بھی حاصل ہوتا ہے، اسے لینڈ لائن فون اور اپنی مرضی کا موبائل فون بھی ملتا ہے، گھر پر وائی  فائی انٹرنیٹ اور کیبل ٹی وی کی سہولت بھی حاصل ہوتی ہے جس سب کا ذمہ صرف بورڈ برداشت کرتا ہے۔کسی  وجہ سے اسپتال داخل ہونے کی صورت میں چیئرمین اور اہلیہ  کے مکمل طبی اخراجات بھی  پی سی بی پر واجب ہیں ۔

بورڈ چئیرمین کے آفیشل دوروں کیلیے لاہور سے باہر جانے پرچیئرمین اور اہلیہ بزنس کلاس میں فضائی سفر کے اہل ہوتے ہیں ، فائیو اسٹار ہوٹل میں رہائش اور دیگر چیزوں کا مکمل بل بورڈ دیتا ہے،ڈومیسٹک سفر پر رہائش کے ساتھ یومیہ10 ہزار روپے ملتے ہیں تاہم اس مد میں احسان مانی نے کوئی رقم نہیں لی، غیرملکی دوروں میں رہائش کے ساتھ  یومیہ 300  ڈالر دیے جاتے ہیں، احسان مانی نے بھی اس مد میں کچھ رقم وصول کی ہے، دورہ برطانیہ میں رہائش کے ساتھ یومیہ400ڈالر ملتے ہیں۔