امریکی ریاست شکاگو میں جنازے پر فائرنگ، 14 افراد زخمی

507

شکاگو: امریکی ریاست شکاگو کے جنوبی علاقے میں جنازے پر فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 14 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شکاگو کے ہنگامی امدادی محکمہ کے ترجمان لیری لینگ فورڈ کا کہنا ہے کہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب سیاہ گاڑی میں سوار کچھ افراد نے ایک جنازے میں شریک لوگوں پر فائرنگ شروع کردی، جس پر جنازے میں موجود افراد نے بھی جوابی فائرنگ کی۔

اس واقعے میں ملوث ایک شخص کو فوری طور پر حراست میں لیا گیا ہے تاہم پولیس نے فوری طور پرفائرنگ کے پیچھے چھپے محرکات کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

شکاگو پولیس کو جائے وقوعہ سے کم از کم 60 گولیوں کے خول ملے ہیں۔ انہوں نے لوگوں سے درخواست کی ہے کہ جو کوئی بھی اس حوالے سے کچھ جانتا ہو یا کچھ دیکھا ہو اسے فوری طور پر پولیس سے رابطہ کرنا چاہئے۔

یہ واقعہ اس کے کچھ ہی گھنٹوں کے بعدپیش آیا جب شکاگو کے میئر لوری لائٹ فوٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے درخواست کی ہے کہ مقامی پولیس اور اٹارنی دفتر کی مدد کے لئے وفاقی حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو بھیجیں گے تاکہ شکاگو میں تشدد کے بڑھتے ہوئے واقعات سے نمٹا جاسکے۔

شکاگو میں حال ہی میں اسلحے سے جڑے تشدد کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ، پچھلے مہینوں کے دوران سینکڑوں افراد گولیوں کا نشانہ بنے ، جس میں درجن بھر بچے بھی شامل ہیں۔