شادی ہالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹ کو کھولنے کی اجازت دی جائے، وسیم بھٹو

159

شکارپور (نمائندہ جسارت) آل ایونٹ آرگنائزیشن شکارپور کی جانب سے جہاز چوک سے پریس کلب تک عدیل علوی، عبدالرحمن میرانی، جاوید شیخ، وسیم بھٹو کی قیادت میں نکالی گئی ریلی مختلف راستوں سے ہوتے ہوئے پریس کلب شکارپور پہنچی، جہاں پر مطالبات کے لیے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین میں آسا تنظیم، جماعت اسلامی، وکلا، شکارپور بچاؤ تحریک، شادی ہال ایسوسی ایشن، فنکاروں سے وابستہ مالکان اور ملازمین سمیت سیاسی، سماجی، مذہبی شخصیات، وکلا اور گلوکاروں نے بھی شرکت کی۔ جس میں عبدالسمیع بھٹی، ایڈووکیٹ علی اصغر پھوڑ، ظفر علی چنا، عبدالوہاب کاغذی سمیت دیگر شریک تھے۔ مظاہرین نے مطالبات کے لیے سخت نعرے بازی کی۔ اس موقع پر مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری طور پر دیگر کاروبار کی طرح ایس او پیز کے تحت شادی ہالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹ کو مکمل طور پر کھولنے کی اجازت دے۔ کورونا وائرس، لاک ڈائون کے باعث گزشتہ چار ماہ سے شادی ہالز، ہوٹلز، ریسٹورنٹ بند پڑے ہیں۔ شادی ہالز پر پابندیوں کے باعث اسمارٹ لاک ڈاؤن کے دوران گھروں اور گلی محلوں میں پروگرام ہوتے رہتے ہیں۔ اس کاروبار سے وابستہ مزدور گزشتہ چار ماہ سے روزگار سے محروم ہیں۔ مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شادی ہالز ہوٹلز، ریسٹورنٹ کو ایس او پیز کے تحت کھولنے کی اجازت دی جائے تاکہ کاروبار سے وابستہ مزدور اپنا روزگار کرسکیں، مطالبات نہیں مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھلایا جائے گا۔