پنگریو، سیکڑوں د یہات میں بجلی کا دورانیہ 20 گھنٹے کردیا گیا

359

پنگریو (نمائندہ جسارت) حیدر آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (حیسکو) کی جانب سے پنگریو گرڈ اسٹیشن سے منسلک چار سو سے زائد دیہات اور قصبوں میں بجلی کی بدترین اور طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ مزید بڑھا کر بیس گھنٹے کردیا گیا، جس کی وجہ سے پورے علاقے میں معمولات زندگی متاثر ہو کررہ گئے ہیں۔ حیسکو پنگریو کے عملے نے شدید گرمی شروع ہوتے ہی لوڈشیڈنگ میں اضافہ کردیا ہے، بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث علاقے کے فراہمی آب کی پمپنگ مشینیں بند ہوگئی ہیں، جس کی وجہ سے علاقے میں پینے کے پانی کا سنگین بحران پیدا ہوگیا ہے۔ بجلی کے تعطل اور پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگوں کا گھروں میں رہنا محال ہوگیا ہے۔ حیسکو پنگریو کے عملے کے مطابق انہیں افسران بالا کا حکم ہے کہ دیہات کی بجلی مکمل بند رکھی جائے، افسران کے احکامات پر دیہات کی بجلی منقطع کی گئی ہے، علاقے کی سیاسی اورسماجی تنظیموں نے موجودہ ہنگامی حالات میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ان تنظیموں نے کہا ہے کہ بجلی کی طویل بندش اور پینے کے پانی کی عدم دستیابی کے باعث لوگ اپنے گھروں سے باہر نکلنے پر مجبور ہیں، ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ دیہات کے ساتھ ساتھ پنگریو شہر میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے، جس کی وجہ سے ہزاروں شہریوں کو شدید مشکلات اور پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ان تنظیموں نے وفاقی وزیر توانائی، چیئرمین واپڈا اور چیف ایگزیکٹو حیسکو سے مطالبہ کیا ہے کہ پنگریو گرڈ اسٹیشن سے منسلک دیہات اور قصبوں میں بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافے کا نوٹس لیا جائے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا حکم دینے والے حیسکو افسران کیخلاف کارروائی کی جائے۔