میرپور خاص،ویکسی نیٹرز کی ہڑتال ،ہزاروں بچے ویکسین سے محروم

237

میرپور خاص (نمائندہ جسارت) محکمہ صحت میرپورخاص کے ویکسینیٹرز کی ہرتال کی وجہ سے ہزاروں بچے گیارہ بیماریوں کی ویکسین سے محروم ہیں، لوگ اپنے بچوں کو ویکسین پلانے کے لیے ضلع کے 107 سرکاری شفا خانوں کے چکر کاٹنے پر مجبور ہیں، سرکاری شفا خانوں سے ماہانہ پونے پانچ ہزار بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچائو کی ویکسین پلائی جاتی ہے۔ محکمہ صحت میرپورخاص کے ویکسینیٹرز اپنے مطالبات کی منظوری کے لیے گزشتہ کئی روز سے ہڑتال پر ہیں، جس کی وجہ سے نوزائیدہ اور چھوٹے بچوں کو پولیو، کالی کھانسی، خناق، تشنج، ہیپاٹائٹس، گردن توڑ بخار، خسرہ، ٹائیفائیڈ، ٹی بی، الٹی اور دست سمیت گیارہ بیماریوں سے بچائو کی ویکسین نہیں پلائی جاسکی ہے، جس کی وجہ سے ضلع کے ہزاروں بچوں کی زندگیاں اور صحت دائو پر لگی ہوئی ہے۔ ضلع میرپور خاص میں پی پی ایچ آئی کے زیر انتظام 38 بنیادی مراکز صحت، 31 ڈسپنسریاں، 9 مدر اینڈ چائلڈ سینٹرز، 17 ڈسٹرکٹ ڈسپینسریاں اور دو یونانی شفاخانے کام کر رہے ہیں جبکہ محکمہ صحت کے زیر نگرانی ایک ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر اسپتال، دو تعلقہ اسپتال، تین مدر اینڈ چائلڈ سینٹرز اور اینٹی گرینڈ ہیلتھ سروسز کے زیر نگرانی پانچ رورل ہیلتھ سینٹرز کام کر رہے ہیں، ان تمام مراکز صحت سے ضلع کے ہزاروں بچوں کو گیارہ بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے ویکسین نہیں پلائی جارہی ہے، جس کی وجہ سے ان بچوں کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔ والدین کا کہنا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ویکسین پلانے کے لیے شفاخانوں کے چکر کاٹ رہے ہیں لیکن ان کو ویکسین نہیں پلائی جارہی ہے۔ انہوں نے حکومت سندھ سے اپیل کی ہے کہ ویکسینیٹرز کے جائز مطالبات کو تسلیم کر کے ان کے بچوں کی زندگیوں کو محفوظ بنایا جائے۔