ملازمین کی برطرفی کے فیصلے کی واپسی تک احتجاج جاری رہیگا ، پاسلو

218

کراچی(نمائندہ جسارت)پاسلو یونین نے اسٹیل مل ملازمین کی برطرفی کا فیصلہ واپس لینے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا ہے،پاسلو یونین کی مجلس عاملہ کا اجلاس صدر عاصم بھٹی کی زیرصدارت گلشن حدید میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اسٹیل مل کے ملازمین کی جبری برطرفی اور نجکاری کے خلاف پاسلو کی جاری تحر یک پرتفصیلی غور ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جب تک حکومت اپنا ظالمانہ اور غیر
قانونی فیصلہ واپس نہیں لیتی اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔ اجلاس میں احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کا فیصلہ ہوا علی حیدر گبول نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ جماعت اسلامی اور پاسلو پاکستان اسٹیل کی بحالی اور ملازمین کے روز گار کے تحفظ کے لیے حکومتی اقدامات کے خلاف عدالتی اور سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔ صدر پاسلو عاصم بھٹی نے کارکنان پاسلو کے بلند حوصلے کی تعریف کی اور اس عزم کا اظہار کیا کہ جب تک حکومت ملازمین کو بے روزگار کرنے کا جبری فیصلہ واپس نہیں لیتی تحریک جاری رہے گی۔ صدر پاسلو نے مزید کہا کہ احتجاج کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے گورنر ہاؤس تک لانگ مارچ بھی کیا جاسکتا ہے۔ ہم تمام ٹریڈ یونینز کو دعوت دیتے ہیں کہ سب ملکراس احتجاج کو کامیاب بنائیں۔