چشمہ نیوکلیئر پلانٹ C-4سے بجلی کی پیداوار کا منفرد ریکارڈ

276

اسلام آباد (اے پی پی) چشمہ نیوکلیئر پاور پلانٹ کے یونٹ نمبر 4

(C-4) نے ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ دن تک بجلی کی مسلسل پیداوار کا منفرد ریکارڈ قائم کیا ہے۔ پلانٹ نے ایک سال مسلسل آپریشنل ہونے کا سنگ میل عبور کیا ہے۔ سی فور پاور پلانٹ 340 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی استعداد رکھتا ہے۔ اس سے قبل یونٹ نمبر 2 نے 302 دن تسلسل کے ساتھ بجلی کی فراہمی کاریکارڈ قائم کیا تھا۔ ملک میں
قائم بجلی کے حصول کے دیگر ذرائع میں سے کسی بھی پاور پلانٹ نے اب تک یہ سنگ میل عبور نہیں کیا ہے۔ بدھ کو ایٹمی توانائی کمیشن کے رکن سعیدالرحمن نے کہا کہ اس تاریخی سنگِ میل کا حصول، ہمارے نیوکلیئرپاور پلانٹ کے سائنسدان، انجینئرز اور ٹیکنیشنز کی محنت کی بدولت ممکن ہوا۔ پاکستان ایٹمی توانائی کمیشن کے زیرِانتظام چشمہ کے مقام پر 4 نیو کلیر پاور پلانٹسC-1،C-2،C-3،C-4،سے 1330 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ کو مہیا کی جا رہی ہے۔ ان پاور پلانٹس سے 11روپے16 پیسے فی یونٹ کے اوسط نرخ پر بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ کراچی کے ساحل سے مزید 2 ایٹمی بجلی گھر کے ٹو اور کے تھری سے اگلے سال مزید 2200میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو جائے گی۔ چیئرمین ایٹمی توانائی کمیشن محمدنعیم نے سعیدالرحمن اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن 2030ءتک نیشنل گرڈ کو 8800میگا واٹ سستی اور ماحول دوست بجلی فراہم کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔