۔24 دن گزرنے کے باوجود مطالبات منظور نہیں کیے جارہے، گل حسن

247

ٹنڈوالٰہیار (نمائندہ جسارت) ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی مرکزی کال پرسول اسپتال ٹنڈوالہٰیار میں 24ویں دن بھی ویکسینیٹروں کا احتجاجی مظاہرہ، مطالبات کی منظوری کے لیے سخت نعرے بازی، صوبائی قیادت کی احتجاجی کیمپ پر آمد، احتجاج پر بیٹھے ویکسینیٹروں کو مکمل حمایت کی یقین دہانی۔ ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن کی مرکزی کال پر سرکاری اسپتال ٹنڈوالہٰیار میں 24ویں دن بھی آفس کی مکمل تالا بندی اور بچوں کو ٹیکے لگانے کا مکمل بائیکاٹ کرکے اسپتال کے آگے احتجاجی کیمپ قائم کرکے زبردست احتجاج ریکارڈ کروایا۔ اس موقع پر ویکسینیٹر ویلفیئر ایسوسی ایشن ڈسٹرکٹ صدر دھنی بخش دل نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے پرامن احتجاجی مظاہرہ کررہے ہیں، مگر افسوس ہے کہ 24 دن گزرنے کے باوجود ہمارے جائز مطالبات منظور نہیں کیے جارہے۔ PMA ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہٰیار کے رہنما گل حسن سموں نے کہا کہ ویکسینیٹر اسپتال میں اندر اور گاﺅں، قصبوں میں جا کر معصوم بچوں کو موذی مرض سے بچاﺅ کے ٹیکے لگاتے ہیں اور بچوں کو پولیو سے بچاﺅ کے قطرے پلاتے ہیں مگر افسوس کہ سندھ حکومت ان کے جائز مطالبات نہیں مان رہی۔ ڈسٹرکٹ ٹنڈوالہٰیار کے جنرل سیکرٹری عبدالعلیم پٹھان نے کہا کہ ویکسینیٹر اپنی ڈیوٹی ایمانداری اور فرض شناسی سے ادا کرتے ہیں اور دور دراز کے علاقوں میں اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بچوں کو موذی امراض اور پولیو سے بچاﺅ کے قطرے اور ٹیکے لگاتے ہیں۔ ویکسینیٹروں کے احتجاج کو چوبیس دن گزر گئے مگر ان کے جائز مطالبات نہیں منظور کیے گئے جو باعث افسوس ہے۔ ویکسینیٹروں کے احتجاج کی وجہ سے بہت سے بچوں کو وقت پر موذی بیماریوں سے بچاﺅ کے ٹیکے نہیں لگے، جس کی وجہ سے سیکڑوں بچوں کی زندگیاں داﺅ پر لگی ہوئی ہیں۔ ہم حکومت سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ویکسینیٹروں کے جائز مطالبات مان کر ان کا احتجاجی دھرنا ختم کروایا جائے تاکہ یہ اپنی ڈیوٹی وقت پر سرانجام دیں۔