بھارتی فوج کی ایل او سی پر بلا اشتعال فائرنگ، 13 سالہ بچی شہید

609

راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے 13 سالہ بچی شہید جب کہ والدہ اور 12 سالہ بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر گزشتہ رات حاجی پیر اور بیدوری سیکٹر پر شہری آبادی کو بلااشتعال فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے مینسر گاؤں میں 13سال کی  اقرا شبیر نامی بچی شہید جب کہ اقرا کی والدہ اور 12 سالہ بھائی شدید زخمی ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

واضح رہے کہ 17 جون 2020 کو بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر بلا اشتعال فائرنگ کر کے خاتون سمیت 4 شہریوں کو شہید کردیا تھا۔

بھارتی فوج کی جانب سے ایل اوسی کے نکیال اور باغ سر سیکٹرز میں بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی اور جان بوجھ کر سول آبادی کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

شہید ہونے والے شہریوں کا تعلق رٹہ جبر اور لیوانہ خیتر گاؤں سے تھا۔