ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس ‘ جواب طلب

153

لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور ہائیکورٹ نے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے ماسک، ٹمپریچر گن، پلازمہ، انجیکشنز اور سنا مکی کی مہنگے داموں فروخت کیخلاف درخواست پر ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس ساجد محمود سیٹھی نے درخواست جوڈیشل ایکٹو ازم پینل تنظیم کی درخواست پر سماعت کی، عدالت نے متعلقہ افسران کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کر دی، عدالت نے تمام درخواستیں یکجا کرتے ہوئے کیس کی سماعت 22 جون تک ملتوی کر دی، درخواست میں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سمیت دیگر کو فریق بنا تے ہو ئے موقف اختیار کیا کہ ملک بھر میں کورونا وبا پھیل چکی ہے،کورونا سے بچنے کے لیے پہلے ماسک اور سینیٹائزر بلیک کیا گیا،کورونا وائرس علاج میں مددگار ثابت ہونے والی دوائی کلوروکوئین ٹیبلٹ کی ڈبی کی قیمت 3 ہزار روپے کر دی گئی، کورونا سے بچائو کے لیے استعمال ہونے والی دیسی جڑی بوٹی سنامکی 200 روپے سے 2400 روپے فی کلو کر دی گئی، کورونا سے بچائو کے لیے انجکشن کے بارے میںپتا چلا کہ مفید ہے تو اس کی قیمت 3 سے10 لاکھ پر پہنچ گئی ہے۔