خود انحصاری ،اپنی قوم پر اعتماد اور اسلامی معاشی نظام ہی بحرانوں کا حل ہے ، لیاقت بلوچ

569

لاہور (نمائندہ جسارت)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ قومی بجٹ کے بعد پنجاب کا بجٹ بھی عوام دشمنی کا بجٹ ہے ۔ روایتی بجٹ ، فرسودہ معاشی فلسفے ، سود ، قرضوں اور کرپشن کی بیساکھیاں ہی تباہی ہیں ۔ خود انحصاری ،اپنی قوم پر اعتماد اور اسلامی معاشی نظام ہی بحران کا حل ہے ۔ فوجی آمریتوں ، نواز ، بھٹو طرز حکمرانی کی طرح عمران خان حکمرانی بھی اسی کی فوٹو کاپی ہے ۔ مہنگائی ، افراط زر ، پیداواری لاگت کا سونامی عوام کو نچوڑلے گا اور مٹھی بھر اشرافیہ ، طاقت ور گروہ 22 کروڑ عوام پر موت مسلط کر دے گا ۔ کورونا کی تباہ کاریوں اور اقتصادی بربادی کے ماحول میں پیش کردہ بجٹ تباہی ہے ۔ وفاق اور صوبے بجٹ پیش کرنے کی حجت پوری کرنے کے بجائے بحران کا ادراک کریں اور متفقہ قومی اقتصادی ایکشن پلان بنایا جائے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کورونا وبا کے سدباب کے لیے قومی حکمت عملی ، وفاق ، صوبوں اور ریاستی اداروں کا ایک پیج پر ہونا وقت کا تقاضا ہے ۔ کورونا کے سدباب میں حکومت ناکام ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے اول روز سے اپنی طبیعت اور روش کو حاوی رکھ کر کنفیوژن اور کورونا پھیلایا ہے ۔ قومی حکمت عملی نہ ہونے ، قومی قیادت کو متحد نہ کرنے اور ماہر ڈاکٹرز کے مشوروں کو نظر انداز کر دینے سے معیشت بھی تباہ ، انسان بھی بری طرح متاثر ہوگئے اور وبابھی پھیل رہی ہے ۔ پھر سے ملک کا کونہ کونہ لاک ڈائون کی طرف چلاگیا ہے ۔اسپتالوں اور حکومت کے انتظامات ناکافی اور ناکام ہیں ۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ جموں و کشمیر کے عوام10 ماہ سے جاری لاک ڈائون کے عذاب میں گرفتار ہیں ۔ مقبوضہ کشمیر میں کورونا پوری شدت سے پھیل رہاہے ۔ قابض بھارتی فوج کشمیریوں کو گرفتار کرنے ، تشدد کا نشانہ بنانے ، اپاہج کر دینے کا ظالمانہ و غیر انسانی فاشزم مسلط کیے ہوئے ہے۔ پاکستان کا مقبوضہ کشمیر پر متفقہ قومی پالیسی نہ بنانا خطرناک ثابت ہوگا ۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور عالمی سطح پر بھارتی فاشسٹ نازی ازم کو بے نقاب کرے ۔