آشیانہ اقبال کیس‘بلال قدوائی کے وارنٹ گرفتاری جاری

120

لاہور(نمائندہ جسارت)لاہور کی احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال کیس میںسابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے شریک ملزم بلال قدوائی کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ کیس کی سماعت 20 جون تک ملتوی کر دی گئی۔ جج امجد نذیر چودھری نے آشیانہ اقبال کیس کی سماعت کی۔ دوران سماعت آشیانہ اقبال اسکینڈل کیس میں ملزمان سابق وزیراعظم نواز شریف کے پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد اور امتیاز حیدر جبکہ شہباز شریف کے پلیڈر محمد نواز چودھری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ زیر حراست ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کو 5 روزہ عدالتی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کیا گیا۔ عدالت نے شہباز شریف کے شریک ملزم بلال قدوائی کے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے اور ملزم کے ضمانتی مچلکے بھی منسوخ کردیے۔ عدالت نے ملزمان احد چیمہ اور شاہد شفیق کے عدالتی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کرتے ہوئے تمام ملزمان کو 20 جون کو پیش ہونے کا حکم دے دیا۔