امیگریشن اور پاسپورٹ دفاتر آج سے کھولنے کا فیصلہ

458

اسلام آباد: وفاقی حکومت نے امیگریشن اور پاسپورٹ دفاتر آج سے کھولنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ تمام دفاتر احتیاطی تدابیر پرعمل درآمد کو یقینی بناتے ہوئے کھولے جائیں گے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت کے فیصلے کے تحت امیگریشن اور پاسپورٹ دفاتر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اورکوئٹہ میں کھولے جائیں گے۔

نجی ٹی وی کے مطابق تمام پاسپورٹ دفاتر آج بروز جمعہ سے باقاعدہ طور پر کھل جائیں گے۔ پاسپورٹ دفاتر کھولے جانے کے حوالے سے باقاعدہ نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے جاری کردہ نوٹی فکیشن کے تحت پاسپورٹ دفاتر صبح دس بجے سے لے کر دوپہر ایک بجے تک کے درمیانی عرصے میں کھلے رہیں گے۔

پاسپورٹ دفاتر میں صرف ارجنٹ پاسپورٹ پراسس کیے جائیں گے اور نارمل پاسپورٹ پراسس نہیں ہوں گے۔

وفاقی حکومت کی جانب سے کیے جانے والے فیصلے کے تحت پاسپورٹ دفاتر آنے والے ایسے افراد جن کی عمر 50 سال سے زاید ہے انہیں پابند کیا گیا ہے کہ وہ اپنے ہمراہ کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ لے کرآئیں۔