سکھر ،ایس ڈی ایم کا مارکیٹوں کا دورہ ،ایس اوپیزپر عمل نہ کرنے پر گرفتاریاں

193

سکھر (نمائندہ جسارت) حکومت سندھ کی جانب سے ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے والے تاجروں اور شاپنگ سینٹرز کیخلاف کارروائی کی ہدایات پر سندھ کے دیگر شہروں کی طرح سکھر انتظامیہ بھی حرکت میں آگئی۔ گزشتہ روز ایس او پیز پر عملدرآمد اور خلاف ورزی کا جائزہ لینے کے لیے ایس ڈی ایم سٹی محمد آصف جونیجو نے تھانہ رائو شفیع اللہ کے انچارج محمد فیاض عباسی و عملے کے ہمراہ شہر کے مختلف تجارتی و کاروباری مرکز و شاپنگ سینٹرز کا دورہ کیا اور خلاف ورزی کرنے والے تاجروں، دکانداروں اور شاپنگ سینٹر مالکان کیخلاف مقدمہ درج کرنے سمیت متعدد دکانیں بند کرا دی گئیں۔ کارروائی کے حوالے سے ایس ڈی ایم سٹی سکھر محمد آصف جونیجو نے بتایا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلائو کے روکنے کے لیے سندھ حکومت سنجیدگی سے عملدرآمد کرانے میں مصروف عمل ہے تاکہ کورونا وبا کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکے اور اس سلسلے میں تاجر برادری اور حکومت سندھ کے درمیان لاک ڈائون میں نرمی کرتے ہوئے ایس او پیز کے تحت کاروبار زندگی چلانے کا فیصلہ کیا گیا تھا، تاہم کچھ عوامی شکایت تھیں کہ دکاندار ایس او پیز پر عملدرآمد نہیں کرتے اور نا ہی خود احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہیں اور نا ہی خریداری کے لیے آنے والے شہریوں کو ہدایات دیتے ہیں جس پر سندھ حکومت نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں ایس او پیز پر عملدرآمد کرانے کے لیے ہدایات دی ہے جس کی بنا پر شہر کا دورہ کیا اور خلاف وزری کرنے والے دکانداروں پر جرمانہ کیا گیا اور انہیں ہدایات دی کہ ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔