لاڑکانہ:رینجرز ہیڈ کوارٹڑز کے قریب دہشتگردی کا منصوبہ ناکام

278

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں رینجرز ہیڈ کوارٹر کے قریب دہشت گردی کا منصوبہ ناکام۔ ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق شہر کے گنجان آباد علاقے ولید تھانہ کی حد میروخان چوک پر سائیکل میں ریموٹ کنٹرول بم نصب کرکے دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنایا دیا گیا۔قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرکے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے سائیکل میں نصب دو کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم کو ناکارہ بنادیا ۔ ذرائع کے مطابق پیر کی صبح شہر کے گنجان آباد علاقے میروخان چوک پر رینجرز ہیڈکوارٹر سے کچھ مفاصلے پر نامعلوم دہشت گردوںنے پرانی سائیکل میں گھی کے ڈبے میں ریمورٹ کنٹرول بم نصب کررکھا تھا۔ بم کے ذریعے رینجرز گاڑی کو نشانہ بنایا جانا تھا تاہم مشکوک سائیکل کی نشاندہی پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے بروقت کاروائی کرکے بم کو ناکارہ بنادیا گیا اور تفتیش شروع کردی گئی۔ اس سلسلے میں بم ڈسپوزل اسکواڈ دھماکا خیز مواد کو تحقیقات کے لیے اپنے ساتھ لے گیا۔ دوسری جانب ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ نصب شدہ بم رینجرز کی گاڑی کراس کرنے کے دوران پھٹ نہ پایا جس کے بعد سیکورٹی اداروں نے دھماکا خیز مواد کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کی مدد سے اپنی تحویل میں لیا۔ دوسری جانب حیرت انگیز طور پر علاقے کے سی سی ٹی کیمرے بھی ناکارہ نکلے تاہم اس سلسلے میں پولیس اور انتظامیہ نے اپنا موقف دینے سے گریز کیا۔