حیدر آباد، نادرا دفاتر بند ہونے کی وجہ سے عوام کو پریشانی کا سامنا

201

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف حیدر آباد کے ضلعی صدر عمران قریشی نے حکومت کی جانب سے سندھ میں پیر سے نادرا کے دفاتر صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کھولے جانے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نادرا کے دفاتر بند ہونے کی وجہ سے سندھ کے عوام کو اپنے روزمرہ کے کاموں کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بڑی تعداد میں لوگوں کے شناختی کارڈ کی مدت ختم ہوگئی ہے اور انہیں کاغذات سمیت دیگر کاموں کے سلسلے میں پریشانی کا سامنا ہے ۔ کئی ماہ سے نادرا کے دفاتر بند ہونے کی وجہ سے عوام نہ تو اپنا نیا شناختی کارڈ بنوا پارہے ہیں اور نہ ہی پرانے شناختی کارڈ کی تجدید و پیدائشی سرٹیفکیٹ کا اجراءبھی بند ہے، جس کے سبب لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھی ذمے داری ہے کہ وہ حکومتی ایس او پیز کا خیال کریں تاکہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے بچا جاسکے۔ لوگوں کو اپنی حفاظت خود کرنا ہوگی کیونکہ تھوڑی سی بداحتیاطی نہ صرف ایک فرد بلکہ اس کے گھر کے لوگوں کے لیے پریشانی کا سبب بن سکتی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ روز مرہ کے کاموں کے سلسلے میں مختلف سرکاری دفاتر کو کھولے تاکہ عوام پریشانی سے بچ سکیں۔