سکھر ، ببرلو بائی پاس پر تیز رفتار کار الٹنے سے4 افراد جاں بحق

202

سکھر، ٹنڈوآدم، شکارپور (نمائندہ جسارت) سکھر کے قریب ببرلو بائی پاس پر تیز رفتار کار الٹ جانے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق، ایک خاتون زخمی ہوگئیں، ایدھی ذرائع کے مطابق لاشوں اور زخمی کو سول اسپتال سکھر منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں محمد اویس، وقار احمد، سرفراز اور ڈرائیور شامل ہیں، زخمی خاتون سمیرا کو سول اسپتال سکھر منتقل کردیا گیا، جہاں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ متوفی وقار کراچی اور ان کی اہلیہ سمیرا فیصل آباد کی رہائشی ہیں، زخمی خاتون مسمات سمیرا نے بتایا ہے کہ وہ ٹیکسی کروا کر کراچی سے فیصل آباد جارہے تھے۔ گاڑی میں ڈرائیور اور دو افراد شامل تھے۔ سکھر میں نہر سے ایک 35 سالہ شخص کی لاش برآمد، ایدھی ذرائع کے مطابق سکھر پولیس نے لاش کیرتھر کینال سے نکال کر اسپتال پہنچا دی، لاش کی شناخت نہ ہوسکی، لاوارث قرار دے کر اسے ایدھی سینٹر کے حوالے کردیا گیا تھا، ایدھی سینٹر نے لاش کو نواں گوٹھ قبرستان میں سپرد خاک کردیا۔ سکھر کے علاقے میں پولیس کی اہم کارروائی، دوہرے قتل میں ملوث اشتہاری ملزم میر محمد سنبانی آلہ قتل سمیت گرفتار کرلیا گیا، ایس پی سکھر عرفان علی سموں کے مطابق گرفتار اشتہاری ملزم نے گزشتہ سال تنازع میں دوست علی شنبانی اور نواز شنبانی کو گولیاں مار کے قتل کردیا تھا۔ ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جبکہ پولیس کارروائی کے دوران پولیس مقابلے سمیت دیگر سنگین مقدمات میں مطلوب اشتہاری ملزم حاکم شنبانی کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان کو مزید کارروائی کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ ایئر پورٹ پولیس کی خفیہ اطلاع پر بچل شاہ کے علاقے میں کارروائی، شہر و گردونواح سے موٹر سائیکل چوری میں ملوث ملزم سرفراز شیخ گرفتار، 6 سے زائد مسروقہ موٹر سائیکل برآمد، ترجمان پولیس کے مطابق موٹر سائیکلیں شہر کے مختلف علاقوں سے چرائی گئی تھیں، برآمد شدہ موٹر سائیکل ایک ہفتہ قبل، عارف بلڈرز، گھنٹہ گھر، ایوب گیٹ پرانا سکھر سمیت دیگر علاقوں سے چوری کی گئی تھیں۔ مزید قانونی کارروائی کے بعد برآمد شدہ موٹر سائیکلز مالکان کے حوالے کی جائیں گی۔ ٹنڈو آدم نہر میں نہاتے ہوئے بچہ ڈوب کر جاں بحق، لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ ٹنڈو آدم برانچ نہر میں خیر محمد گوٹھ کا رہائشی آٹھ سالہ سمیر ولد نصیر راجپوت نہر میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش گھر پہنچنے پر کہرام مچ گیا۔ شکارپور کے قریب گاؤں پیر چندرام میں 3 سالہ قربان علی خاصخیلی بخشو نہر میں پاؤں پھسلنے سے ڈوب گیا۔ گاؤں والوں نے بچے کی لاش کو اپنی مدد آپ کے تحت نکال کر مقامی اسپتال منتقل کردیا مگر بچہ جاں بحق ہوگیا، ضروری کارروائی کے بعد بچے کی لاش ورثا کے حوالے کردیا گیا، لاش گھر پہنچنے پر گھر میں کہرام مچ گیا، ماں کو بے ہوشی کے دورے پڑ گئے۔