طیارہ حادثہ‘47میتوں کی شناخت‘43ورثا کے حوالے

142

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں تباہ ہونے والے پی آئی اے کے بدقسمت طیارے میں سوار 99 افراد میں سے 47 میتوں کی شناخت کا عمل مکمل ہوگیا ہے جبکہ 43 میتیں تدفین کے لیے ان کے ورثا کے حوالے کردی گئی ہیں ۔ 43 میں سے 5 میتیں ورثا اسپتال سے براہ راست لے گئے جبکہ 54 میتیں ایدھی اور چھیپا کے سرد خانوں میں موجود ہیں۔ میتوں کی حوالگی کے لیے ڈی این اے رپورٹ کا انتظار ہے۔پی آئی اے ترجمان کے مطابق ڈی این اے کے ذریعے میتوں کی شناخت کا عمل جاری ہے ۔ پی آئی اے ترجمان نے لواحقین سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر ڈی این اے کے لیے اپنے نمونے فارنزک لیبارٹری میں جمع کرادیں ۔ترجمان نے کہا کہ ڈی این اے کے ذریعے تشخیص ایک پیچیدہ عمل اور صبر آزما عمل ہے جس کی حساسیت کی وجہ سے وقت لگ رہا ہے ۔ پی آئی اے ترجمان نے کہا کہ لواحقین کے ساتھ کیے گئے وعدے کے مطابق ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ ون ونڈو آپریشن کے تحت شناخت کے لیے تمام اداروں سے رابطہ ، میتوں کی حوالگی میں مدد اور ڈیتھ سرٹیفیکیٹ کے حصول میں پی آئی اے مدد فراہم کرے گا۔ ترجمان نے کہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو پی آئی اے بین الاقوامی اور اندرون ملک پروازوں کے ٹکٹ بھی جاری کررہی اور میتوں کو ان کے گھروں تک پہنچانے کے انتظامات بھی کیے گئے ہیں ۔