پنجاب میں تعمیرات اور برآمدات سے منسلک صنعتیں کھولنے کی تیاری، سفارشات تیار

137

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ مزدور کے مسائل کاادراک ہے‘ کاروبار اور صنعتوں کوکھولنے کے لیے وفاقی حکومت کو سفارشات پیش کردی ہیں۔ ہفتے کو وزیراعلیٰ آفس میں وڈیولنک پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ ہم نے وفاقی حکومت سے گزارش کی ہے کہ روڈ سیکٹر اور بلڈنگ کے علاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری اور ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولنے کی سفارش کی گئی ہے‘ پاور لومز اورایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی درخواست کی گئی ہے‘ آئرن اینڈ اسٹیل انڈسٹری کو کھولنے کے بارے میں سفارش کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے بھر کی مارکیٹوں اور بازاروں کو زونز میں تقسیم کر کے مختلف ایام میں کھولنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو اپنی سفارشات پیش کی گئی ہیں جن کے تحت ضلعی انتظامیہ، ا نجمن تاجران، چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کی اجازت کا فیصلہ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ فیز۔ون میں ابتدائی طور پر صوبے کے6 اضلاع لاہور، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ ،گجرات اور فیصل آباد میں اسمارٹ سیمپلنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے‘ سمارٹ سیمپلنگ کے تحت میڈیا ہائوسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار، انتظامی ا فسران کے دفاتر، ہیلتھ ورکرز، ٹی بی اور ایڈ ز کے مریضوں، اسپتالوں میں زیر علاج حاملہ خواتین اور جیلوں میں بند قیدیوںکے کورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے اور بڑے پیمانے پر سیمپلنگ کر کے کمیونٹی میں کورونا کے پھیلائو کا جائزہ لیں گے ۔ وزیراعلیٰ نے مزید بتایاکہ پنجاب میں تاحال کورونا کے6850 کنفرم مریض ہیں،115 افراد کورونا کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں اور اب تک تقریباً90 ہزار لوگوں کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں‘ 2206 مریض صحت یاب ہو کر گھر جاچکے ہیں ۔