امریکی صدر کا کورونا کے پھیلاؤ پر چین سے ہرجانے کا مطالبہ

351

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہم چین سے ہرجانہ طلب کرسکتے ہیں۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے وائٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم کووڈ 19 یعنی کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کے علاج کے ساتھ ساتھ معاشی سرگرمیوں کی بحالی پر غور کررہے ہیں۔

امریکی صدر نے اپنی گفتگو میں چین کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایک فریق کی خراب کارکردگی کی وجہ سے پوری دنیا کو نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے، امریکا میں دوسرے ممالک سے زیادہ ٹیسٹ کیے جارہے ہیں ،ہم کورونا کے متاثرہ اعداد وشمار درست بتا رہے ہیں تاہم دوسرے ممالک ایسا نہیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم چین سے خوش نہیں،چین کورونا پر ابتدامیں قابوپاسکتا تھا، کورونا کے پھیلاؤ کی وجہ سے ہم چین سے ہرجانہ طلب کرسکتے ہیں۔

بعد ازاں ایک صحافی نے سوال کیا کہ  معاشی نقصان کی مد میں چین جرمنی کو 165 بلین ڈالر کا ازالہ کرے گا،آپ کیاکریں گے؟ جس پر صدر ٹرمپ نے کہا کہ ہم چین سے جرمنی سے زیادہ رقم کا مطالبہ کریں گے،تاہم حتمی رقم کا تعین نہیں کیا اور ایسے کئی عوامل ہیں کہ چین کو قصوروارٹھہراسکتے ہیں،سنجیدگی سے تحقیقات کررہے ہیں۔