حکومت نے یوٹیوب چینلز کو میڈیا کی صف میں لانے کا فیصلہ کرلیا

508

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ یوٹیوب چینلز کے مالکان کی رجسٹریشن کے لیے پریس انفارمیشن ڈیارٹمنٹ میں ڈیسک فعال کریں گے۔میڈیا بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے نوجوانوں کو کورونا وائرس کے خلاف محاذ میں متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ یوٹیوب چینلز حکومت کے ساتھ مل کر وائرس سے متعلق آگاہی اشتہارات نشر کرسکتے ہیں۔اس امر کی انہوں نے مزید وضاحت کی کہ یوٹیوب چینلز چلانے والے کورونا وائرس کے بارے میں معلومات اور آگاہی پھیلانے کے لیے پاکستان انفارمیشن ڈپارٹمنٹ کے ساتھ اندراج کرسکتے ہیں۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پہلے سے فعال یوٹیوب چینلز کے مالکان رجسٹریشن کے لیے پی آئی ڈی سے رابطہ کریں۔انہوں نے بتایا کہ نوجوانوں کی بڑی تعداد یوٹیوب کے بہتر استعمال سے واقف ہے تاہم انفارمیشن اکیڈی کے ذریعے انہیں بنیادی ٹریننگ بھی دی جائے گی تاکہ وہ اپنے لیے مالی وسائل پید اکرسکیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ یوٹیوب چینلز کے مالکان وزارت اطلاعات سے منظوری حاصل کرسکتے ہیں اور وائر سے متاثر ہونے والے ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے افراد مشکل وقت میں آمدنی حاصل کرسکیں گے۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ یوٹیوب سے متعلق لائن آف ایکشن یا ایس او پیز تیار کریں گے اور یوٹیوب چینلز کو رجسٹرڈ کرکے ان کے مالکان کو میرٹ کی بنیاد پر پی آئی ڈی میں اندراج کرکے کارڈ جاری کریں گے۔ معاون خصوصی نے بتایا کہ نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے مختصر نوعیت کی ٹریننگ کے ذریعے ان کی صلاحیت کو نکھارا جا سکتا ہے جس سے وہ اپنے مالی وسائل میں اضافہ کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کورونا سے لڑ رہے ہیں جبکہ (ن) لیگ عمران خان اور نیب پربرس رہی ہے۔وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اپنی سوچ، ہمت اورجدوجہد مسلسل سے ناقدین کو ہمیشہ غلط ثابت کیا۔ اپوزیشن کا دل اور نیت صاف نہیں ہرپل چاہتے ہیں کہ عمران خان ناکام ہوں۔ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ سیاسی مخالفین سیاسی منافقت ترک کریں۔ نیب بلائے توسماجی فاصلوں کی پروا جبکہ دوسری جانب لاپروائی، ایک طرف لاک ڈاؤن سے فرار اوردوسری طرف اصرارہے۔