پولیس چیف کی افسران کو شہریوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت

360

کراچی: پولیس چیف غلام نبی میمن کا کہنا ہے کہ افسران کو شہریوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن کی زیر صدارت پولیس افسران کا اجلاس ہوا جس میں کراچی پولیس کے چیف نے کہا کہ افسران کو شہریوں کے ساتھ سختی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کوشش ہوگی کہ شہریوں کو صرف ضرورت کے تحت نکلنے دیا جائے۔

کراچی پولیس چیف نے کہا کہ خلاف ورزی پر افسران کو کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ خلاف ورزی پر کارروائی اور جرمانہ بڑھانے پر بھی غور ہو رہا ہے،شہریوں کی غیر سنجیدگی پر مزید سختی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سڑکوں اور دکانوں پرعوام کے رش پربرہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے لاک ڈاؤن پرمکمل عملدرآمد کرائیں۔وزیراعلیٰ نے پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا جبکہ لاک ڈاؤن مزید سخت کرنے کا حکم دیا۔

مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ مجھے ابتدائی 7 روز والا لاک ڈاؤن چاہیے اور بلا ضرورت کسی کو کہیں جانے کی اجازت نہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے اعداوشمار تشویشناک ہیں لہٰذا عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ گھروں پررہیں۔